نئی دہلی/یو این آئی// دہلی۔این سی آر سمیت شمالی اور مشرقی ہندوستان کے کئی علاقوں میں شدید کہرے کے باعث اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہفتہ کی صبح 125 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔دہلی ہوائی اڈے کے افسران کے مطابق صبح 10 بجے تک روانہ ہونے والی 63 اور یہاں پہنچنے والی 66 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ پروازوں میں تاخیر کی بھی اطلاع ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی سمیت شمالی اور مشرقی ہندوستان کے کئی علاقوں میں ان دنوں صبح کے وقت گھنا کہرا چھایا رہتا ہے جس کی وجہ سے شدید طور پر پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔اسی دوران، شہری ہوا بازی کے وزارت نے جمعہ کی رات ایک ہدایت جاری کی ہے کہ ہوائی کمپنیوں کو مسافروں کو پرواز میں تاخیر، وقت میں تبدیلی یا منسوخی کے بارے میں پیشگی اور درست معلومات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ آخری وقت میں تاخیر کا اعلان ہونے پر فوری اطلاع دینا بھی ضروری ہوگا۔اس کے علاوہ، مقررہ حد سے زیادہ تاخیر ہونے کی صورت میں مسافروں کے لیے کھانے پینے کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ ری شیڈولنگ کی صورت میں کوئی اضافی چارج نہیں لیا جائے گا۔










