ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ایس ڈِی ایچ کپواڑہ میں پلس پولیو امیونائزیشن مہم کا آغاز کیا

ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ایس ڈِی ایچ کپواڑہ میں پلس پولیو امیونائزیشن مہم کا آغاز کیا

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ، شری کانت سوسے نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) کپواڑہ میں باضابطہ طور پر پلس پو لیو امیونائزیشن مہم کا آغاز کیا جس کے ذریعے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور حفاظتی ٹیکہ جات کی عالمی کوریج کو حاصل کرنے کے ضلع اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر اے سی آر کپواڑہ ، چیف میڈیکل آفیسر کپواڑہ ، ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ موجود تھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کوئی بھی بچہ اس سے محروم نہ رہ جائے اور اِس بات پر زور دیا کہ ضلع کو پولیو فری رکھنے کے لئے اِجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔اُنہوں نے محکمہ صحت اور فیلڈ عملے کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے دُور دراز اورپسماندہ علاقوں تک رسائی سمیت اس مہم کی منصوبہ بندی اور مؤثر عمل درآمد میں نمایاں کردار اَدا کیا۔پلس پولیو امیونائزیشن مہم ضلع بھر میں مقررہ بوتھوں، موبائل ٹیموں اور گھر گھر جا کر مہم کے ذریعے چلائی جائے گی تاکہ مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔بالخصوص زیادہ خطرے والے اور مشکل رسائی والے علاقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال میں مریضوں کی نگہداشت کے اِنتظامات کا بھی معائینہ کیا اور ضلع میں جاری برفباری اور بارش کے پیش نظر چیف میڈیکل آفیسر اور متعلقہ افسران کے ساتھ برف سے ڈھکے علاقوں میں واقع تمام صحت اداروں میں محکمہ کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔