4339 اسکولوں کیلئے جانچ و جائزہ کمیٹی تشکیل

4339 اسکولوں کیلئے جانچ و جائزہ کمیٹی تشکیل

اسمارٹ کلاس روموں کے معیار اور ٹیکنالوجی کی سخت جانچ ہوگی

سرینگر// حکومت نے 4339 اسکولوں میں اسمارٹ کلاس روموں کے منصوبے کی تکنیکی وضاحتوں کی جانچ پڑتال اور منظوری کے لیے تکنیکی جانچ و جائزہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی مالیاتی محکمہ کے نوٹیفکیشن کے تحت بنائی گئی ہے تاکہ منصوبے میں معیار، ٹیکنالوجی اور عملدرآمد کے تمام پہلوؤں کی سخت نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ حکم نامہ نمبر 1911-JK(GAD) 2025 کے مطابق تکنیکی جانچ و جائزہ کمیٹی میں شامل ارکان میںچیف ایگزیکٹو جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی کو چیئرپرسن، ڈائریکٹر انفارمیشن جموں کشمیراسٹیٹ انفارمیٹکس افسر،این آئی سی، نمائندہ انفارمیشن ٹیکنالوجی جموں، نمائندہ این آئی ٹی سری نگر، اورآئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے انڈر سیکریٹری شامل ہیں۔ کمیٹی میں ممبر کنوینر بھی مقرر کیا گیا ہے جو تمام ممبران کے ساتھ رابطہ کر کے 21 دن کے اندر مکمل رپورٹ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پیش کرے گا۔کمیٹی کے فرائض میں شامل ہیں کہ اسمارٹ کلاس روموںکیلئے تجویز کردہ میٹرولوجی اور ٹیکنالوجی پر سفارشات فراہم کی جائیں اور منصوبے کی تیاری اور عملدرآمد کے دوران تمام سرکاری قواعد و ضوابط کی سخت پابندی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی مختلف تعلیمی ٹیکنالوجی اسٹیک ہولڈروں سے مشاورت کر کے جدید اور موثر حل فراہم کرے گی اور اسکولوں میں اسمارٹ کلاس روموں کے سامان کی تنصیب اور آپریشن میں ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی اور حل فراہم کرے گی۔حکام نے بتایا کہ تکنیکی جانچ و جائزہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد سے اسکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کو فروغ، طلباء کی سیکھنے کی صلاحیت میں بہتری اور تعلیمی معیار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ اس اقدام کے ذریعے حکومت تعلیمی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ملک گیر ڈیجیٹل تعلیم کے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ منصوبہ میکانائزیشن، ہائی ٹیک لرننگ آلات، اور اسمارٹ کلاس روم انفراسٹرکچر کے ذریعے اسکولوں میں تعلیمی معیار بلند کرنے کیلئے اہم سنگ میل ہے، اور تکنیکی جانچ و جائزہ کمیٹی کی سخت جانچ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر اسکول میں معیار کے مطابق اسمارٹ کلاس روم نصب ہوں۔