چیف سیکرٹری نے اربن چیلنج فنڈ ، آٹو ڈی سی آر اور جھیلوں کے تحفظ کے اقدامات کی عمل آوری کا جائیزہ لیا

چیف سیکرٹری نے اربن چیلنج فنڈ ، آٹو ڈی سی آر اور جھیلوں کے تحفظ کے اقدامات کی عمل آوری کا جائیزہ لیا

جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے مختلف اقدامات کی عمل آوری اور پیش رفت کا جائیزہ لیا ، جن میں اربن چیلنج فنڈ ، بلڈنگ اجازتوں کیلئے آٹو ڈیولپمنٹ کنٹرول ریگولیشن ( آٹو ڈی سی آر ) سسٹم ، ڈل اور نگین جھیلوں کے جاری تحفظ اور ترقیاتی کام شامل ہیں ۔ جائیزہ اجلاس میں کمشنر سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ( ایچ اینڈ یو ڈی ڈی ) ، سیکرٹری رورل ڈیولپمنٹ ( آر ڈی ڈی ) ، وائس چئیر مین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( جے ڈی اے ) ، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن ( جے ایم سی ) ، وائس چئیر مین لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی ( ایل سی ایم اے ) کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے اربن چیلنج فنڈ کا بہترین استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ حکومت ہند کی جانب سے اس اسکیم کے تحت مختص کئے گئے ایک لاکھ کروڑ روپے میں سے کم از کم ایک فیصد کو ہدف بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید مشورہ دیا کہ شناخت شدہ پراجیکٹس کو ایس اے ایس سی آئی سے اضافی فنڈنگ سپورٹ کے ساتھ تقویت دی جائے تا کہ ان کی ہموار ، بروقت اور بلاتعطل عمل آوری یقینی بنائی جا سکے ۔ اس اقدام کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے آبادی کی افزائش اور بدلتے ہوئے شہری ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شہری مراکز کو پائیدار ، لچکدار اور مستقبل کیلئے تیار بنانے کی طرف معنی خیز طور پر حصہ ڈالنے والے منصوبوں کی احتیاط سے شناخت کی ضرورت پر زور دیا ۔ آٹو ڈی سی آر سسٹم کے نفاذ کا جائیزہ لیتے ہوئے تعمیراتی اجازتوں کیلئے چیف سیکرٹری نے ایچ اینڈ یو ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ پلیٹ فارم کو آر ای آر اے پورٹل کے ساتھ مربوط کیا جائے تا کہ ایکٹ کے تحت قانونی تعمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے دیہی ترقی محکمہ کو بھی ہدایت دی کہ این آئی سی کی تکنیکی مدد سے ضروری بلڈنگ بائے لاز کی حتمی منظوری کے بعد دیہی علاقوں کیلئے اسی طرح کا آن لائن بلڈنگ پرمیشن سسٹم اپنایا جائے ۔کمشنر سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی مندیپ کور نے جموں و کشمیر کیلئے اربن چیلنج فنڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اجلاس کو اسکیم کے تحت شناخت کئے گئے منصوبوں سے آگاہ کیا ۔ سیکرٹری آر ڈی ڈی اعجاز اسد نے آگاہ کیا کہ دیہی علاقوں کے لئے بلڈنگ بائے لاز کی تشکیل آخری مرحلے میں ہے اور محکمہ دیہی علاقوں میں بلڈنگ اجازت نامے دینے کیلئے ایک سنگل ونڈو آن لائن نظام متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے تا کہ یہ موثر اور وقت کی پابندی کے ساتھ ہو ۔ وائس چئیر مین ایل سی ایم اے منظور احمد قادری نے چیف سیکرٹری کو ڈل اور نگین جھیلوں کے تحفظ اور خوبصورتی کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف سیکرٹری نے مربوط کوششوں ، بروقت عملدرآمد اور پائیدار منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا تا کہ جموں و کشمیر بھر میں شہری ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک ساتھ چلیں ۔