سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ وزیر داخلہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ

گلمرگ کنونشن سینٹر میں ٹی اے اے کے کے 17 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب

گلمرگ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سیاحتی اسٹیک ہولڈرز اور پلیئرز کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تحفظات کو مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کے ساتھ اٹھائیں گے اور کشمیر میں کئی بند سیاحتی مقامات کو کھولنے کی درخواست کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بات ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر ( ٹی اے اے کے ) کے 17 ویں اینول جنرل میٹنگ ( اے جی ایم ) سے گلمرگ کنونشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ مسٹر عمر نے کہا ’’ ایک طرف ہم سیاحت کو فروغ دیتے ہیں ، لیکن دوسری طرف کئی مقامات بند ہیں ۔ یہ ہمارے مشکل حالات میں سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ جب کشمیر کا آدھا حصہ سیاحت کیلئے بند ہے ، تو فروغ دینا بے معنی ہو جاتا ہے ۔ ہم سیاحوں سے کیا کہیں کہ آپ گنڈولہ پر سوار ہو سکتے ہیں لیکن اے ٹی وی گراؤنڈ بند ہے ؟ کہ آپ ٹنگمرگ جا سکتے ہیں لیکن ڈرنگ نہیں ، یا کہ آپ پہلگام جا سکتے ہیں لیکن آرو اور بیتاب ویلی نہیں جا سکتے ؟ بدترین حالات میں بھی ہم نے ان علاقوں کو بند نہیں کیا تھا ۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں وزیر داخلہ سے بات کروں گا اور ان مقامات کو کھولنے کی درخواست کروں گا ۔ اس سے اعتماد بڑھے گا اور ہمیں مزید سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب سیاحوں کو بتایا جاتا ہے کہ کچھ مقامات بند ہیں ، تو اس سے کشمیر کی مجموعی صورتحال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ ہمیں مرکزی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر آنا چاہئیے ، ورنہ ہماری ترویج کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی ۔ ‘‘ نو منتخب ٹی اے اے کے صدر فاروق اے کتھو کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے ایسوسی ایشن کو حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا ’’ مسٹر کتھو کے پاس ایسوسی ایشن کو آگے لے جانے کیلئے ایک مضبوط بنیاد ہے ۔ موجودہ حالات میں سیاحت کو فروغ دینا آسان نہیں ہے ، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح ہم نے سابق صدر رؤف ترمبو کے ساتھ مل کر کام کیا ، اسی طرح ہم آپ کی قیادت میں ٹی اے اے کے ساتھ بھی کام کریں گے ۔ ‘‘
وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ خزاں اور سردیوں کے موسم سیاحت میں کچھ بحالی لائیں گے ، جبکہ بہار کے موسم کیلئے تیاریاں ابھی سے شروع کر دینی چاہئیں ۔ آج کے اجتماع کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے کہا ’’ ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے کہ گلمرگ کنونشن سنٹر میں منعقد ہونے والا پہلا پروگرام ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر کا 17 واں سالانہ اجلاس تھا ۔ مستقبل میں ایف آئی سی سی آئی ، سی آئی آئی ، بھارت سرکار اور جموں و کشمیر حکومت کے کئی باوقار پروگرام یہاں منعقد ہوں گے ۔ لیکن پہلا پروگرام ہمیشہ ٹی اے اے کے ساتھ منسوب رہے گا ۔ ‘‘اے جے ایم سے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ ، ممتاز ہوٹلر مشتاق چھایا ، ٹی اے اے کے سابق صدر روف ترمبو اور نومنتخب صدر فاروق اے کتھو نے بھی خطاب کیا ۔ جموں و کشمیر اور لداخ سے ٹی اے اے کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔