سندھو عالمی نمبر 6ٹوموکاکی کو شکست دے کر پری کوارٹر میں داخل

سندھو عالمی نمبر 6ٹوموکاکی کو شکست دے کر پری کوارٹر میں داخل

چانگژو/آئی اے این ایس//دو بار کی اولمپک میڈل یافتہ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے چائنا اوپن کے پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف16) میں جگہ بنالی ہے، جہاں انہوں نے جاپان کی چھٹی سیڈ ٹوموکا میازاکی کو سخت مقابلے کے بعد 21-15، 8-21، 21-17 سے شکست دی۔ سندھو نے میچ کا شاندار آغازکیا اورمقابلے پر مکمل کنٹرول و اعتماد کے ساتھ 6-2 کی برتری حاصل کرلی۔ اْن کے درست لنجز اور بروقت لفٹس نے شٹل کو مؤثر طریقے سے کھیل میں رکھا۔ اْن کی سبقت 10-5 اور پھر 16-9 تک پہنچ گئی۔ اگرچہ میازاکی نے آخری لمحات میں واپسی کی کوشش کی، لیکن سندھو کی ابتدائی برتری نے اْنہیں پہلا گیم 21-15 سے جیتنے میں مدد دی۔ دوسرے گیم میں میازاکی نے اپنی تال حاصل کی اور قریبی مقابلے کے بعد 11-7 کی سبقت کے ساتھ وقفے پرگئیں۔ اْس کے بعد وہ مکمل طور پر حاوی رہیں اور 21-8 سے گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن گیم تک لے گئیں۔ تیسرے اور آخری گیم میں سندھو نے شاندار انداز میں واپسی کی اور 5-1 کی برتری حاصل کی، میازاکی کی متعدد غلطیوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وقفے کے وقت تک سندھو 11-2 سے آگے تھیں۔ اگرچہ میازاکی نے مخالف سمت سے واپسی کی کوشش کی، سندھو نے مضبوطی سے مقابلہ کیا اور 17-9 کی برتری حاصل کی، آخرکار 62 منٹ میں میچ جیت کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ سال 2025 کا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور اب تک سندھو کے لیے چیلنجنگ رہا ہے۔ سال کا اْن کا بہترین نتیجہ جنوری میں انڈیا اوپن کے کوارٹر فائنل تک رسائی تھا، جس کے بعد وہ چار بار پہلے راؤنڈ میں اور دو بار راؤنڈ آف 16 میں ہار چکیں۔ پچھلے ہفتے وہ جاپان اوپن کے پہلے راؤنڈ میں کوریا کی سم یو جن سے 15-21، 14-21 سے ہارگئی تھیں۔