چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں اِی ۔ کامرس کو فروغ دینے کیلئے او این ڈِی سی کا اِستعمال کرنے پر زور دیا

چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں اِی ۔ کامرس کو فروغ دینے کیلئے او این ڈِی سی کا اِستعمال کرنے پر زور دیا

سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں و کشمیر میں چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹل ترقی کے لئے ایک اہم پیش رفت کے طور پر اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس ( او این ڈِی سی ) کے سی اِی او کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی تاکہ جموں و کشمیر میں ای۔کامرس کو فروغ دینے کے لئے او این ڈِی سی پلیٹ فارم کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، جے اینڈ کے بینک؛ سیکرٹری محنت و روزگار، سیکرٹری قبائلی امور،سیکرٹری صنعت وحرفت، ڈائریکٹر جنرل بجٹ؛ ڈائریکٹرمحنت و روزگار،سٹیٹ اِنفارمیٹکس آفیسر، این آئی سی،بی آئی ایس اے جی۔این کے نمائندے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔گفتگو کے دوران چیف سیکریٹری نے مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور نئی روزگار کی راہیں پیدا کرنے میں ڈیجیٹل کامرس کی زبردست صلاحیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پہل کو سادہ، قابل توسیع ماڈلز کے ذریعے شروع کرنا چاہیے اور مرحلہ وار نفاذ کے چیلنجز کو حل کرتے ہوئے اسے بڑھانا چاہیے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیجیٹل کامرس مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار اَدا کر سکتی ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کو ڈیجیٹل تبدیلی کو قبول کرتے ہوئے سب سے پہلے مقامی سطح پر چھوٹے اور مائیکرو کاروباریوں کو اوراو این ڈِی سی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بااختیار بنانا چاہیے۔ اُنہوں نے محنت و روزگار محکمہ کو ہدایت کی کہ کاروبار کے ارد گرد ایک متعین دائرے میں ہائپر لوکل ڈیلیوری سسٹم کے ساتھ شروعات کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ الیکٹریشن، پلمبر اور دیگرتکنیکی ماہرین جیسے خدمات فراہم کنندگان کو بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر شامل کیا جائے تاکہ شہری آسانی سے ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔ سی اِی او او این ڈِی سی نے دیگر ریاستوں کی کامیابیوں کی مثالیں دی جن میں ہماچل پردیش کے سری ودھیا ہینڈلومز اور ہمیرا کے تجربات شامل ہیں اور ان کے اقدامات جنہوں نے آندھرا پردیش میں او این ڈِی سی کے ذریعے کاروباری اَفراد کو قومی مارکیٹ تک جلد پہنچنے میں مدد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ او این ڈِی سی جموں و کشمیر کی مقامی معیشت کو ڈیجیٹل کرنے اور اسے قومی ڈیجیٹل مارکیٹ سے جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے یہاں کی اہم معاشی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔
ڈائریکٹر محنت و روزگار شہزاد عالم نے جموں و کشمیر کے روڈ میپ پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یوٹی ایک بی آئی ایس اے جی۔ این کے ذریعے تیار کردہ سیلر ایپ کے ذریعے 3 سے 4 کلومیٹر کے دائرے میں ہائپر لوکل ڈیلیوری ماڈل اپنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف قسم کے سروس فراہم کنندگان جلد ہی ایک مربوط آن لائن ہائرنگ پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔مزید برآں، اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ضلع اور یوٹی سطح پر کلیکشن ہب قائم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے بُنکروں، ہنر مندوں اور چھوٹے پیمانے کے صنعت کاروں کی مصنوعات کی فروخت اور تقسیم کو آسان بنایا جا سکے جس سے ان کی مصنوعات کو بہتر مارکیٹ رسائی اور منصفانہ قیمت مل سکے گی۔