جاوید احمد رانا نے گجر بکروال ہوسٹلوں میں اَپ گریڈیشن کی ہدایت دی

جاوید احمد رانا نے گجر بکروال ہوسٹلوں میں اَپ گریڈیشن کی ہدایت دی

سری نگر//وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانا نے گوجربکروال ہاسٹلوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موجودہ کمیوں کو دُور کیا جا سکے اور طالب علموںکے لئے ایک ایسا ماحول فراہم کیا جا سکے جو ان کی تعلیمی اور ذاتی نشوونما کے لئے موزوں ہو۔اُنہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قبائلی طالب علموں کے لئے رہائشی سہولیات اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جائے گا۔وزیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار بمنہ اور تُلسی باغ میں قائم گوجربکروال ہاسٹلوںکے دورے کے دوران کیااور اُنہوں نے وہاں سہولیات کا مکمل معائینہ کیا اور طلبأکے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔اُنہوں نے طالب علموں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈائریکٹر قبائلی امور کو ہدایت دی کہ وہ ہوسٹل مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اَقدامات کریں اورہوسٹل کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کریں۔جاوید احمد رانا زیر تعمیر عمارتوں کی تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ( ڈی پی آر) کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ تعمیراتی ایجنسی پی ڈبلیو ڈی کو کام کی جلد تکمیل کی ہدایت دی۔اُنہوں نے دورے کے دوران ہوسٹل میں موجود سہولیات کا باریک بینی سے معائینہ کیا اوربنیادی ڈھانچے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر ان شعبہ جات کی نشاندہی کی جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔وزیرموصوف نے تفصیلی معائینہ جس میں کلاس رومز، میس کی سہولیات ، لائبریری خدمات اور تفریحی مقامات جیسے اہم شعبے شامل تھے۔اُنہوںنے طالب علموں کو درپیش چیلنجز سمجھنے اور فراہم کردہ سہولیات میں بہتری کی گنجائش کا جائزہ لینے کے لئے زمینی سطح پر معلومات حاصل کیں۔جاوید احمد رانانے طلبأ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ہوسٹل مینجمنٹ اور دیگر سہولیات سے متعلق قیمتی آرأ حاصل کیں۔اُنہوں نے طالب علموںکے لئے ایک معاون اور حوصلہ افزا ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلباءکو علمی میدان میں آگے بڑھنے اور اَپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقعہ ملے گا۔وزیر موصوف نے کہا، ’’ہم طلبأ کے مسائل کے حل اور ہوسٹل کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے فعال اَقدامات اُٹھا رہے ہیں۔‘‘مزید برآں، اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت موجودہ نظام میں موجود خامیوں کو دُور کرنے اور ایک ترقی پسند اور معاون ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔