جاوید احمد ڈار نے آبپاشی سہولیات کیلئے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

جاوید احمد ڈار نے آبپاشی سہولیات کیلئے جائزہ میٹنگ کی صدارت کی

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی، الیکشن جاوید احمد ڈار نے آج سول سیکرٹریٹ سری نگر میں آبپاشی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اِس کا مقصد موجودہ صورتحال کو بہتر بنانا اور کسانوں کی فلاح کے لئے آبپاشی کے ڈھانچے اور پانی کے مؤثر اِنتظام کو مضبوط بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرنا تھا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر کمانڈ ائیریاز ڈیولپمنٹ کشمیر، سی اِی او آئی ڈبلیو ایم پی، چیف اِنجینئر پی ایچ اِی کشمیر، سپراِنٹنڈنگ اِنجینئر پی ایچ ای میکنیکل سرکل نارتھ، ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ایچ اِی ،گراؤنڈ واٹر ڈویژن کشمیر، چیف ایگری کلچر آفیسر بارہمولہ اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔میٹنگ کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کے بارش والے علاقوں میں موجودہ آبپاشی سہولیات کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری لانے کے لئے ممکنہ اَقدامات کی نشاندہی کرنا تھا۔وزیر موصوف نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ جدید آبپاشی ٹیکنالوجی کو عملانے، پانی ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کے طریقوں کو فروغ دینے جیسے ممکنہ حل پر کام کریں۔اُنہوںنے حکومت کی جانب سے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے عزم کو دوہرایابالخصوص اُن علاقوں میں جہاں زراعت کا انحصار بارش پر ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں آبپاشی کی سہولیات کو بہتر بنا کر کسانوں کو سہولیت فراہم کی جا سکتی ہے اور فصل کی پیداوار میں اِضافہ کیا جا سکتا ہے۔وزیر زراعت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ان اضلاع کے مکمل طور پر بارش والے علاقوں میں مناسب مقامات کی نشاندہی کریں جہاں مختلف سکیموں کے تحت بورویل لگائے جا سکتے ہیں اور اِس سلسلے میں دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے کسانوں میں پانی کے تحفظ کی تکنیکوں، مؤثر آبپاشی کے طریقوں اوردیرپازرعی عمل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ان کی تربیت کے لئے بیداری مہمات چلانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔