سری نگر// وزیربرائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے آج ڈئیرز ہیڈکوارٹر بمنہ میں نئے تعمیر شدہ آفیسرز بلاک کا اِفتتاح کیا جو محکمہ کی بنیادی ڈھانچے اور عملی صلاحیت کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری جنگلات شیتل نندا، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس سریش کمار گپتا اور دیگر سینئر اِفسران بھی موجود تھے۔ یہ عمارت پی ڈبلیو ڈی،آر اینڈ بی ڈویژن سری نگرنے مالی برس 2022-23 ء سے 2024-25ء کے دوران 128.019 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیرکی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ یہ نئی سہولیت اِنتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے میں مدد دے گی اور اَفسران کے لئے ایک جدید اور مؤثر کام کرنے کا ماحول فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے عمر عبداللہ کی زیر قیادت حکومت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے عزم کو اُجاگر کیاجس کا مقصد بہتر حکمرانی، شہری خدمات اور جنگلات کے تحفظ و اِنتظام کو فروغ دینا ہے۔اُنہوں نے ڈئیرز ہیڈکوارٹر کی جدید دفتری سہولیات کے قیام پر ستائش کی اور اِنتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا۔بعد ازاں، وزیر جاوید احمد رانانے محکمہ ایکولوجی ، ماحولیات اور ریموٹ سنسنگ کے کام کاج کا جائزہ لیا اور جیو گرافیکل اِنفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس )لیب کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے جنگلاتی وسائل کے مؤثر اور درست ٹریکنگ و اِنتظام کے لئے ٹیکنالوجی کا فائدہ اُٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جی آئی ایس جموں و کشمیر کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور دیرپا ترقی میں کلیدی رول اَدا کرتا ہے۔جی آئی ایس کے ذریعے مختلف جغرافیائی ڈیٹا کا تجزیہ کرکے محکموں کو حیاتیاتی تنوع، سیلاب زدہ علاقوں، موسمیاتی تبدیلی اور جنگلاتی آگ کے خطرات سے نمٹنے کے لئے طویل مدتی منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔کابینہ وزیر جاوید احمد رانا کو محکمہ کے کام کاج، مکمل شدہ منصوبوں، جاری کاموں اور مستقبل کی توسیعی منصوبہ بندی سے متعلق جانکاری دی گئی۔ اُنہوں نے ان منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ماحولیات سے متعلق اہم امور پر محکمہ کی کوششوں کو سراہا۔اَفسران نے محکمہ کو درپیش مسائل کو بھی اُجاگر کیا اور وزیرموصوف سے مداخلت کی درخواست کی۔










