بارہمولہ// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) بونیار کی جدید عمارت کا اِفتتاح کیا۔اِس اِفتتاحی تقریب میں ممبر اسمبلی اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع، رُکن قانون ساز اسمبلی بارہمولہ جاوید حسن بیگ، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر فردوس احمد گیری، پرنسپل پروفیسر پروین کوثر، کالج کے اَساتذہ، طلبأ اور مقامی اَفراد موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے اَپنے خطاب میںدُور دراز اور دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم کی مساوی فراہمی کے لئے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ نیا اِنفراسٹرکچر صرف ایک عمارت نہیں ہے بلکہ حکومت کے اس ویژن کی علامت ہے جو بونیار کے نوجوانوں کو علم، مواقع اور روشن مستقبل سے آراستہ کرنا چاہتا ہے۔‘‘اُنہوں نے تعلیمی شعبے کی ترقی سے متعلق مختلف حکومتی اَقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس اَپ گریڈڈ انفراسٹرکچر سے تعلیمی ماحول میں نمایاں بہتری آئے گی اور آس پاس کے علاقوں سے زیادہ طلبأ کو راغب کیا جا سکے گا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے طلبأ سے بھی بات چیت کی اور انہیں سہولیات سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے تعلیمی میدان اور سماجی ترقی میں نمایاں رول اَدا کرنے کی ترغیب دی۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ نئی عمارت میں جدید کلاس روموں، سمارٹ لیبارٹریوں، مکمل سہولیات سے آراستہ لائبریری، کمپیوٹر روم، آڈیٹوریم، میوزیم اور وافر تعداد میں واش رومز شامل ہیں۔










