manooj sinha

عام شہری دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں

جموں و کشمیر کے عوام کو یقینی بنانا ہوگا کہ دہشت گرد معاشرے سے اپنی غذا حاصل نہ کر پائیں

سرینگر/وی او آئی//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں عام لوگ پاکستان پرست دہشت گردوں کے خلاف سڑکوں پر آ کر آواز بلند کر رہے ہیں، جو وادی میں مستقل امن کے قیام کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔سنہا نے کہا کہ سیاحت جیسے حساس شعبے کی ترقی صرف اْس صورت میں ممکن ہے جب ماحول پرامن اور محفوظ ہو۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام کو یقینی بنانا ہوگا کہ دہشت گرد معاشرے سے اپنی غذا حاصل نہ کر پائیں۔ ہمیں اْن کی جڑیں کاٹنی ہوں گی۔ وائس آف انڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ دو روزہ سیاحتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں مرکزی وزیر برائے سیاحت گجندر سنگھ شیخاوت بھی شریک ہوئے۔سنہا نے کہاعام شہری اب دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔ پاکستان پرست دہشت گردوں کے خلاف عوامی احتجاج وادی میں مستقل امن کے قیام کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ پورے جموں و کشمیر کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا تاکہ دہشت گردی کے لیے یہاں کوئی جگہ نہ بچے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس دہشت گردی کے منہ پر ایک کرارا جواب ہے اور جموں و کشمیر کے امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب رواں سفر کی علامت ہے۔ “وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ایک ناقابلِ شکست قوت بن چکا ہے اور ترقی کی راہ پر مسلسل گامزن رہے گا۔سیاحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں جموں و کشمیر کی سیاحت میں زبردست تبدیلی آئی ہے۔ “ہم نے روایتی سیاحتی راستوں کو مزید مستحکم کیا ہے اور نئی راہیں کھولی ہیں تاکہ سیاحت کے فوائد ہر علاقے تک پہنچیں اور لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، تاہم معاشرے کی ذمہ داری بھی کسی طور کم نہیں۔ “اگر دہشت گرد معاشرے سے اپنا سہارا پاتے رہے تو امن ایک خواب بن کر رہ جائے گا۔ سنہا نے کہاہمیں ان کی پشت پناہی کا ہر ذریعہ ختم کرنا ہوگا۔