پبلک اکائونٹس کمیٹی کی میٹنگ سری نگر میں منعقدہوئی

پبلک اکائونٹس کمیٹی کی میٹنگ سری نگر میں منعقدہوئی

سری نگر//پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ایک میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین شیام لال شرما نے کی۔ میٹنگ میں محکمہ خزانہ سے متعلق آڈِٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں اراکین کمیٹی نذیر احمد خان، قیصر جمشید لون، جاوید حسن بیگ، دیویندر کمار منیال، سجاد شاہین اور مظفر اقبال خان نے شرکت کی۔کمیٹی نے آڈٹ پیراز 3.6 (2001-02)، 2.2 اور 2.5 (2018-19) سمیت مختلف نکات کا باریک بینی سے معائینہ کیا۔میٹنگ میں ٹول پوسٹ لکھن پور کی کمپیوٹرائزیشن، بینک اکاؤنٹس کے اِنتظام اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو دی گئی مالی امداد کی تقسیم جیسے اہم امور پر غوروخوض کیا گیا۔چیئرمین شیام لال شرما نے سرکاری اخراجات میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد حکومتی اخراجات کی جانچ، کوتاہیوں کی نشاندہی، ذمہ داری کا تعین اور اِصلاحی اقدامات کی سفارش کرنا ہے۔میٹنگ میں پرنسپل اکاؤنٹنٹ جنرل جموں و کشمیر کے پی یادو، پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی بھوپندر کمار، سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز اسد، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز، ڈائریکٹر فائنانسس ، کمشنر سٹیٹ ٹیکسز سمیت دیگر اعلیٰ اَفسران نے شرکت کی۔
کمیٹی نے کچھ آڈِٹ پیراز کو خارج کرنے کا فیصلہ کیاجن میں بینک اکاؤنٹس کے انتظام سے متعلق پیرا 2.2.4 بھی شامل ہے تاہم اس پر تفصیلی ایکشن ٹیکن رپورٹ مقررہ وقت میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔چیئرمین نے کمیٹی کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سی اے جی (سی اے جی) کی آڈِٹ رپورٹس کا جائزہ لینا، عوامی اخراجات کی جانچ اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لئے اِصلاحات کی سفارشات پیش کرنا پی اے سی کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔اُنہوں نے کمیٹی کے اراکین اور اَفسران کی محنت اور لگن کی ستائش کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ عوامی جوابدہی کے لئے اسی جذبے سے کام جاری رکھیں۔ اُنہوں نے پی اے سی کو سرکاری مالیات اور کام کاج پر نگاہ رکھنے والا ایک مؤثر ادارہ قرار دیا۔