جموں//نوجوانوں کو بااختیار بنانے، اِختراع اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک طاقتور مظاہرے میں ’’امن و اختراع کی دوڑ‘‘ آج جموںیونیورسٹی میں محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام اور اِنڈیا چیمبر آف کامرس کے اِشتراک سے منعقد ہوئی۔ وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ اور اَمورِ نوجوان وکھیل کود محکمہ ستیش شرما نے سینئر اَفسران ، ماہرین تعلیم، صنعت کاروں اور سینکڑوںطالب علموں کی موجودگی میں اس دوڑ کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ستیش شرما نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اِس بامقصد اقدام کی ستائش کی اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نوجوانوں کے ذریعے اِختراع، جسمانی صحت اور امن سازی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’امن اور اختراع کسی بھی معاشرے میں ترقی کے دو بنیادی ستون ہیں۔ جموں و کشمیر اَپنے باصلاحیت نوجوانوں اور بے پناہ امکانات کے ساتھ ایک دیرپا، جامع اور اِختراعی مستقبل کی قیادت کر سکتا ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس قسم کے پروگرام نوجوانوں کو باہم جُڑنے، تعاون کرنے اور سماجی و کاروباری میدان میں قیادت کرنے کے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے محکمہ سیاحت اور چیمبر آف کامرس کی اِس سماجی اہمیت کی حامل مشترکہ کاوش پر بھی ستائش کی۔تقریب کے دوران ایک خصوصی ’’اِختراعی نمائش‘‘ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں نوجوان کاروباری اَفراد اور یونیورسٹی کے سٹارٹ اپس نے گرین انرجی، دیرپاسیاحت اور سماجی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں اَپنی اِختراعی سوچ کو پیش کیا۔دوڑ کے اِختتام پر ایک ثقافتی پروگرام اور انعامی تقسیم کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں وزیر موصوف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکأ کو اَنعامات سے نوازا۔ اُنہوں نے تمام شرکأ کو امن اور ترقی کے سفیر قرار دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا۔










