بال تل میں یاتریوں کیلئے اِنتظامات کا جائزہ لیا
گاندربل// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے شری اَمرناتھ جی یاترا۔ 2025 کے سلسلے میں بال تل روٹ پر جاری اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے منیگام ٹرانزٹ کیمپ، بال تل بیس کیمپ اور دومیل کا دورہ کر کے یاترا کے سلسلے میں جاری تیاریوں کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور، کیمپ اَفسران اور متعلقہ محکموں کے اَفسران نے وزیر موصوف کو اِنتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر موصوف نے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مناسب نل کنکشن، باقاعدہ پانی کی جانچ اور فوری اِصلاحی اَقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ پانی کے ٹینکروں کو سٹینڈ بائی موڈ پر رکھا جائے اور لنگر، جھونپڑیوں، بیت الخلأ، غسل خانوں اور مویشیوں کے لئے بھی مناسب پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔وزیر موصوف نے خشک لکڑی کی دستیابی، سیلاب سے تحفظ کے اِنتظامات اور اَفرادی قوت کی تعیناتی کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے تمام شراکت داروں کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تمام اِنتظامات بروقت مکمل ہوسکیں۔
جاوید احمد رانا نے جل شکتی اور جنگلات محکموں کے افسران کی بروقت کاموں کی انجام دہی پر ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت شری اَمرناتھ جی یاترا کو پُرامن اور احسن اِنعقاد کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔اِس موقعہ پر وزیر جاوید احمد راناکے ہمراہ چیف کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر، چیف اِنجینئر جل شکتی کشمیر، ڈِی ایف او گاندربل، ایس اِی، ایگزیکٹیو اِنجینئر اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔










