dooran

ایس اے این جے وائی ہم آہنگی ، شمولیت، محبت ، بھائی چارے اور مشترکہ انسانیت کی علامت ہے۔ جاوید رانا

پنتھہ چوک بیس کیمپ میں انتظامات کا جائیزہ لیا

سرینگر//شری امر ناتھ جی یاترا ( ایس اے ایم جے وائی 2025 ) کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے آج کہا ہے کہ یہ ہم آہنگی ، شمولیت ، محبت ، بھائی چارے اور مشترکہ انسانیت کی علامت ہے ۔ ان باتوں کا اظہار مسٹر جاوید رانا نے پنتھہ چوک میں بیس کیمپ میںایس اے این جے وائی 2025 کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لینے کے دوران کیا ۔ انہوں نے وہاں یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ ایم ایل اے شیخ احسان احمد ( پردیسی ) ، چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اپنی مہمان نوازی کیلئے دُنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور وہ یاترا کے حمایت کرنے اور یاتریوں کیلئے آرام دہ اور پُر سکون قیام کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ۔ دورے کے دوران یاتریوں کو پینے کیلئے صاف پانی کی سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں اور یاترا کے آغاز سے قبل تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔ اس موقع پر مسٹر رانا کو بیس کیمپ میں پانی کے انتظامات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ بیس کیمپ میں 400 ٹائلٹ /باتھ روم پوائینٹس کی تنصیب ، 20 واٹر نل کے کنکشن اور 2 واٹر ٹیسٹنگ کٹس دستیاب رکھی گئی ہیں ۔ وزیر نے پینے کے پانی کی سہولیات کے سلسلے میں قاضی گنڈ ، بجبہاڑہ اور گاندر بل میں پی ایچ ای ڈویژن کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کے عوام یاتریوں کا پرتپاک استقبال کریں گے اور یاترا کے ہموار اور پرامن طرز عمل کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوں گے ۔