بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ہوکرسر ویٹ لینڈ میں جاری تحفظی اَقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور نمبل نرکارا کو ویٹ لینڈ (کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ ) قواعد کے تحت محفوظ ویٹ لینڈ کے طور پر نامزد کرنے کی مجوزہ تجویز پر میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے ہوکرسر ویٹ لینڈ کے جائزے کے دوران پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور سیلاب کے خطرات کو کم کرنے کے لئے جاری کاموں کا معائینہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہوکرسر سے متعلق تمام ریونیو معاملات کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور تحصیل دار بڈگام کو ویٹ لینڈ کی حد بندی اور اس کے اطراف کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ماحولیاتی توازن کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ویٹ لینڈ زونوں میں زمین کی تبدیلی پر مکمل پابندی عملانے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں اورکسی بھی خلاف ورزی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کریں۔اُنہوں نے بالخصوص سویۂ بگ روڈ کے قریب غیر قانونی کوڑا کرکٹ پھینکنے پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ فوری طور پر کچرے کو ہٹایا جائے، نگرانی سخت کی جائے اور باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے قصور واروںکے خلاف سخت سے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے نمبل نرکاراکو محفوظ ویٹ لینڈ کے طور پر نوٹیفائی کرنے کے باضابطہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔تبادلہ خیال کے دوران اس مقام کی ماحولیاتی اور آبی اہمیت پر زور دیا گیا جو کہ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ، سیلاب میں کمی اور حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھنے میں ممکنہ کردار ادا کرتا ہے۔اگرچہ اس مقام کو ابھی تک ویٹ لینڈ کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا لیکن ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس کے تحفظ کے لئے فوری باضابطہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بڈگام نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ اِبتدائی مرحلے کے طور پر مقام کی فزیکل تصدیق اور میپنگ جلد شروع کی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ محکمانہ ہم آہنگی، ماحولیاتی اصولوں کی پاسداری اور عوامی بیداری کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک بار جب نمبل نرکارا کو ویٹ لینڈ کے طور پر نوٹیفائی کیا جائے گا تو یہ علاقہ طویل مدتی ماحولیاتی اور سماجی و اِقتصادی فوائد فراہم کرے گا۔اُنہوں نے موقعہ کا جائزہ، تکنیکی دستاویزات کی تیاری اور دیگر ضروری اقدامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ نوٹیفیکیشن کا عمل آسانی سے مکمل کیا جا سکے۔میٹنگ میں اے سی آر بڈگام، فارسٹ اینڈ ویٹ لینڈز ڈویژن، فشریز ڈیپارٹمنٹ، دیہی ترقی، تحصیل دار بڈگام اور دیگر متعلقہ محکموں کے اَفسران نے شرکت کی۔










