ضلع بھر میں آبپاشی کے پانی کی مساوی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے محکمانہ ہم آہنگی اور فعال رویہ اِختیار کرنے کی ہدایت
کولگام// ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان نے ضلع بھر میںدھان کے جاری فصل سیزن کے لئے آبپاشی کی صورتحال اور پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ ضلع میں موجود تمام 48 بڑی نہروں اور آبپاشی نظاموں میں پانی کی دستیابی، نہروں کے ہیڈ پوائنٹس، کمانڈ ائیریا کی صورتحال اور آبپاشی کوریج کے موجودہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اِس میں نورآباد کنال، وٹو کنال، یاری کنال، گریمٹوکنال ، بومن، بنی مولہ کنال، سونمن کنال، ماو کنال، امنو لڈ، بنی لڈ، ٹیٹھ بوجی، ہردچون، نندی کنال کا جائزہ لیاگیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آبپاشی، دیہی ترقی، ریونیو اور مائننگ محکموں کے افسران کو اَپنے اَپنے علاقوں میں فیلڈ پر دستیاب رہنے اور مسائل کو بروقت حل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ چوبیس گھنٹے کنٹرول روم کو فعال کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے پر فوری کارروائی کی جاسکے ۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ کوئی بھی ملازم ضلع اِنتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹر نہیں چھوڑے گا۔ میٹنگ میں نہروں کے ٹیل اینڈ ائیریاز تک پانی کی منصفانہ تقسیم کے لئے وار بندی، اَفرادی قوت کی منتقلی اور پانی کے رساؤ کو کم کرنے جیسے اَقدامات کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی۔ایگزیکٹیو اِنجینئراری گیشن کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ وہ تحصیل داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ ضلع کے آخری سرے پر واقع نندی نہر سے متعلق مسائل کو حل کیا جا سکے۔ میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، ڈِسٹرکٹ مائننگ آفیسر، تمام تحصیل دار، ایگزیکٹیو اِنجینئر اری گیشن و فلڈ کنٹرول، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئران، بلاک ڈیولپمنٹ اَفسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔










