Dy CM

ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے عمر عبداللہ کی قیادت میں ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے: نائب وزیر اعلیٰ

سرینگر/وی او آئی//جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سرندر کمار چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے مسلسل اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق منگل کو سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرندر چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا کہ جموں و کشمیر کے لیے 10,637 کروڑ روپے مالیت کے 19 اہم سڑک اور سرنگ منصوبوں کی منظوری دی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے آٹھ ماہ کے دور حکومت میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہلی کے کئی دورے کیے، اور انہی کوششوں کے نتیجے میں یہ اہم منصوبے منظور ہوئے۔ وہ ان وزرائے اعلیٰ میں شامل نہیں جو ریاستی درجہ ختم کرانے دہلی جاتے رہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا کوئی بھی امیدوار اپنی ذاتی طاقت سے کامیاب نہیں ہوا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “بی جے پی کے تمام ایم ایل ایز، بشمول قائد حزب اختلاف، کا نرکو ٹیسٹ ہونا چاہیے تاکہ ان کے بیانات کی حقیقت واضح ہو سکے۔سرندر چودھری نے سرحدی علاقوں میں بنکروں کے قیام سے متعلق مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کی منظوری مرکز کو دینی ہے اور حکومت کو امید ہے کہ یہ جلد ہوگا۔ انہوں نے کہا، “ہم نے ’آپریشن سندور‘ کے دوران دیکھا کہ نہ صرف سرحدی علاقے بلکہ جموں اور سرینگر بھی متاثر ہوئے، اس لیے حفاظتی بنکروں کی ضرورت صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں۔