hotest

وادی کشمیر شدید گرمی کی لپیٹ میں، سرینگر میں درجہ حرارت 35 ڈگری تک پہنچا

منگل کا دن رواں سال کا گرم ترین دن رہا ، ماہرین نے ایڈوائزری کی جاری

سرینگر /وی او آئی//وادی کشمیر ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی سہ پہر تین بجے سرینگر شہر میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو رواں موسم کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آج کا دن سال کا گرم ترین دن بن سکتا ہے اور درجہ حرارت 36 ڈگری سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔ کشمیر ویدر فورکاسٹ کے مطابق سرینگر شہر میں موسم انتہائی گرم ہے اور مزید شدت کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان ماحولیاتی تبدیلی کی واضح علامت ہے اور اس کے اثرات صرف درجہ حرارت تک محدود نہیں بلکہ صحت، پانی، بجلی اور روزمرہ زندگی کے دیگر پہلوؤں پر بھی پڑ رہے ہیں۔طبی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گرمی کے ان دنوں میں خاص احتیاط برتیں، دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، پانی کا استعمال بڑھائیں اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں کیونکہ ان میں گرمی سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ جی بی پنت اسپتال کے ایک معالج کے مطابق ان دنوں بخار، وائرل انفیکشن اور جسمانی کمزوری کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادھر شہر کے کئی علاقوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور پانی کی قلت کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں جس سے لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں، دوپہر کے وقت غیر ضروری کاموں سے گریز کریں اور گھروں میں زیادہ سے زیادہ پانی جمع کر کے رکھیں تاکہ کسی ممکنہ قلت کی صورت میں پریشانی نہ ہو۔ اگر موجودہ موسم اسی شدت کے ساتھ جاری رہا تو انتظامیہ کو اسکولوں اور دفاتر کے اوقات کار پر نظرثانی کرنی پڑ سکتی ہے۔