lg manooj sinha

جموں وکشمیر کو بنیاد اِنفراسٹرکچر کو فروغ ، 19سڑکوں اور ٹنلوں کے منصوبے اور10,637 کروڑ روپے کی منظوری

لیفٹیننٹ گورنر کا وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کا شکریہ

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیریوٹی کے 10,637کروڑ روپے مالیت کے 19بڑے سڑکوں اور ٹنلوں کے منصوبوں کی منظوری پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری کا شکریہ اَدا کیا ہے۔مرکزی وزارت سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں (ایم او آر ٹی ایچ) نے جموں و کشمیر کے قومی شاہراہوں سے متعلق 2025-26 ء ایکشن پلان کی منظوری دیتے ہوئے اہم منصوبے منظور کئے ہیں جس میں این ایچ۔اے 701 پر پیر کی گلی ٹنل کی تعمیر (3,830 کروڑ روپے)،این ایچ۔701 پر سادھناٹنل کی تعمیر (3,330 کروڑ روپے)،این ایچ۔اے701 کے ززنار۔شوپیاں سیکشن کی تعمیر (852 کروڑ روپے)،لالچوک سے پارم پورہ تک 4۔لین فلائی اوور (700 کروڑ روپے)،این ایچ۔701 پر تریہگام۔چمکوٹ سیکشن کی تعمیر (966 کروڑ روپے)،نربل۔گلمرگ سیکشن پر میگا فلائی اوور (445 کروڑ روپے)،قاضی گنڈ بائی پاس کی تعمیر (95 کروڑ روپے)،این ایچ۔444 پر شوپیاں میں رمبی آرا پر دو لین پُل (71 کروڑ روپے)اور دیگر کئی سڑک و روڈ سیفٹی منصوبے شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ کئی سٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبے ہیں جو لاجسٹک سپورٹ، فوجی آواجاہی، سیاحتی مقامات تک بہتر رسائی اور خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دیں گے۔ ٹنلوں کی تعمیر سے سفر کا وقت کم ہوگا اور ہر موسم میں رابطہ ممکن ہو سکے گا۔‘‘
مرکزی وزارت نے اَگلے تین برسوں میں جموں و کشمیر میں کئی اہم شاہراہ منصوبوں کے لئے ڈِی پی آر (تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ) / فزی بیلیٹی سٹیڈی کی تیاری کی بھی منظوری دی ہے جن میں این ایچ۔444 کی سری نگر سے قاضی گنڈ تک توسیع اور بہتری (63 کلومیٹر)،این ایچ ۔اے701 پر شوپیاں سے ماگام تک 2 لین پلس پی ایس سڑک کی تعمیر (75 کلومیٹر)،پنج ترنی ٹنل (10.80 کلومیٹر) اور اس کے 31 کلومیٹر اپروچ روڈ کی تعمیر،دومیل۔کٹرا۔بملہ (این ایچ-144) کی 4 گلیاروں والی سڑک پر ترقی (82 کلومیٹر) شامل ہیں۔یہ تمام منصوبے جموں و کشمیر کے انفراسٹرکچر، روزگار، سیاحت اور دفاعی آواجاہی کے لئے انتہائی اہم قرار دئیے جا رہے ہیں۔