جاوید ڈار نے بارہمولہ میں ماڈل پنچائت گھر ، سڑک کی اپ گریڈیشن اور متعدد پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا

جاوید ڈار نے بارہمولہ میں ماڈل پنچائت گھر ، سڑک کی اپ گریڈیشن اور متعدد پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا

بارہمولہ//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار نے فروٹ اور سبزی منڈی سوپور میں سڑک پر میکڈمائیزیشن کے کام کو شروع کروایا ۔200.24 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت کے اس پروجیکٹ کا مقصد مارکیٹ کے انفراسٹرکچر کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرنا ، باغبانی معیشت کو فروغ دینا اور شمالی کشمیر کے اہم تجارتی مرکز میں نقل و حمل اور کاروباری کارروائیوں کو ہموار کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے رواچا ہاچی پورہ پزالپورہ حمام مارکوٹ سڑک کے اپ گریڈیشن کے کام کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر جاوید ڈار نے کہا کہ یہ اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹ معاشی سرگرمی کو بڑھانے ، معیار زندگی کو بہتر بنانے اور بہتر رابطے اور جدید سہولیات کے ذریعہ مقامی کاروباریوں کو بااختیار بنانے کیلئے ایک وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں ۔ اس کے بعد وزیر نے رفیع آباد حلقہ میں ڈنیواگھا ، چٹلورہ اور ڈروسو میں ماڈل پنچایت گھر کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ ہر پنچایت گھر کو راشٹریہ گرام سوراج ابھیان ( آر جی ایس اے ) کے تحت 35 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول ڈنگیوچہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت کی وابستگی کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ زراعت ، باغبانی ، جانوروں اور بھیڑوں کے پالنے ، مہارت کی نشو و نما اور کاروباری صلاحیتوں سے متعلق مختلف فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیموں کا مکمل استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے ہم ان کی تعلیم ، صلاحیتوں اور امنگوں کیلئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں تا کہ وہ اس خطے کو خود انحصاری اور خوشحالی کی طرف لے جا سکیں ۔