سیدعابد رشید شاہ نے پہلگام روٹ پر شری اَمرناتھ جی یاترا 2025 کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا

سیدعابد رشید شاہ نے پہلگام روٹ پر شری اَمرناتھ جی یاترا 2025 کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا

اننت ناگ//سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے سالانہ شری اَمرناتھ جی یاترا 2025 کی جاری تیاریوں کے سلسلے میں آج شری اَمرناتھ جی یاترا کے پہلگام روٹ کا دورہ کیا تاکہ یاترا کے دوران طبی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران ڈاکٹرسیّد عابد رشید شاہ نے ننون بیس کیمپ، سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال پہلگام اور چندن واڑی میں قائم 100 بستروں پر مشتمل بیس ہسپتال کا معائینہ کیا۔ اِس موقعہ پر اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر جہانگیر بخشی، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ڈاکٹر مشتاق راٹھور، یاترا سے متعلق محکمہ صحت کے آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ، پہلگام روٹ کے میڈیکل ڈائریکٹر اور محکمہ صحت کے دیگر نوڈل افسران بھی تھے۔معائینے کے دوران طبی ڈھانچے اور سہولیات کا جامع معائینہ کیا گیاجس میں اَدویات کی فراہمی، طبی اور نیم طبی عملے کی تعیناتی، ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی تیاری اور یاترا کے لئے مجموعی طور پر صحت سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری صحت کو جانکاری دی گئی کہ پوتر گپھا کی طرف جانے والے راستے پر طبی سٹیشن فعال ہیں اور پیشگی طور پر میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جا چکی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2025 کے دوران بہتر خدمات کے لئے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کی تعیناتی تین مراحل میں کی جائے گی۔ڈاکٹرسیّد عابد رشیدشاہ نے بلاتعطل صحت سہولیات کی فراہمی پر زور دیا بالخصوص بلند مقامات اور یاترا کے اہم مقامات پرچوبیس گھنٹے طبی سہولیات کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے نازک کیسوں کی بروقت اعلیٰ درجے کے صحت اداروں کو منتقلی کے لئے مؤثر ریفرل سسٹم بنانے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ میڈیکل ٹیموں کو اَدویات اور دیگر ضروری ساز و سامان کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔محکمہ صحت یاترا کے دوران محفوظ، بروقت اور مؤثر طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اِس موقعہ پرسیکرٹری صحت نے خطے میں تعینات محکمہ صحت کے ملازمین کی لگن اور محنت کو سراہا۔