کولگام// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ِایتو نے ڈِی ایچ پورہ میں شہید ولی محمد اِیتو میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے شہید ولی محمد اِیتو کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور عوامی خدمت، سماجی بہبود اور نوجوانوں کی ترقی کے لئے اُن کی زِندگی بھر کی وابستگی کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’یہ ٹورنامنٹ محض ایک کھیلوں کا ایونٹ نہیں ہے بلکہ یہ شہید ولی محمد ایتو کی اُن اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جن کی وہ نمائندگی کرتے تھے۔‘‘وزیرموصوفہ نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کمیونٹی کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ان کی کھیلوں کی مہارتیں اور صلاحیتیں دکھانے کے لئے تعمیری مواقع اور جگہ فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اِفتتاحی تقریب میں مقامی نوجوانوں، کھیلوں کے شائقین اور سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
