وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں میں عوامی رَسائی دفتر ’ رابطہ’ کا اِفتتاح کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں میں عوامی رَسائی دفتر ’ رابطہ’ کا اِفتتاح کیا

عوامی شکایات کے اَزالے اور شہریوں کے رابطے کو مضبوط کرنے کے عزم کا اِظہار

جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کنال روڈ جموں میں وزیر اعلیٰ کے عوامی خدمات و رَسائی دفتر’ رابطہ’ کا اِفتتاح کیا۔ اِس اَقدام کا مقصد عوامی شکایات کو مؤثر طریقے سے حل کرنا اور حکومت و شہریوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی گلاب گڈھ اِنجینئر خورشید احمد، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا اور دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے خطاب میں جامع حکمرانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،’’میری حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا جائے اور اُن کی شکایات، چاہے وہ بڑی ہوں یا چھوٹی، کا ازالہ کیا جائے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا ’’سری نگر میں ’رابطہ‘ کی کامیابی کے بعد یہ ضروری تھا کہ جموں میں بھی لوگوں کے لئے ایسی ہی سہولیت قائم کی جائے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے شہریوں کو آسانی سے رَسائی دینے پر زور دیتے ہوئے کہا،’’ہر عام آدمی کے لئے سول سیکرٹریٹ آنا آسان نہیں ہوتا، اِس لئے یہ دفتر ایک قابل رَسائی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔‘‘اُنہوں نے یقین دِلایاکہ ’رابطہ‘میں عوامی شکایات پر توجہ دی جائے گی اور مقررہ وقت میں مؤثر طریقے سے حل کیا جائے گا۔‘‘عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کی مؤثر عمل آوری اور اس کے دائرہ کار کو دیگر سروسز اور محکموں تک بڑھانے کو حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ نیا دفتر عوامی اعتماد کومزید تقویت دے گا۔اُنہوں نے بتایا کہ رابطہ دفتر میں اَفسران اور عملہ تعینات ہوگا جو عوامی شکایات کو آن لائن اور آف لائن دونوں ذرائع سے درج کرے گا تاکہ فوری اور آسان رَسائی ممکن ہو سکے۔اِفتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے مختلف وفود سے ملاقات کی۔قابل ذکر شخصیات میں صدر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری جموںارون گپتا، جموںوکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے نرمل کوتوال ، بحریہ کے تجربہ کار ایس لکھبیر سنگھ، آدتیہ مانیاک کپور کی قیادت میں جیولرز ایسو سی ایشن کے اراکین ،لیفٹیننٹ جنرل راکیش کمار شرما (ریٹائرڈ) ،صدر جے اینڈ کے سابق ۔سروس مین لیگ اور منیجنگ ڈائریکٹر آئی ڈِی پی ایس سکول سنجوان شامل تھے۔ بات چیت میں پنڈت پریم ناتھ بھٹ میموریل ٹرسٹ سے متعلق مسائل، مقامی صنعتوں اور جیولرز کمیونٹی کو درپیش چیلنجوں اور سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئر مین جے کے اِنسٹی چیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف اِنڈیا سورَو پرگَل نے جموں و کشمیر کی ترقی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے رول پر اَپنے خیالات کا اِظہار کیا۔ اِس کے علاوہ دیگر افراد اور وفود نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے اَپنے مسائل و مطالبات گوش گزار کئے ۔وزیر اعلیٰ نے اُنہیں بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔لوگوںنے وزیر اعلیٰ کے اِس ’عوامی رابطہ پروگرام ‘کو سراہا اور کہا کہ اس اَقدام سے انہیں اَپنے مسائل، شکایات اور مطالبات حکومت تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔