Beating the Heat in a spring in Zadibal area of downtown

اُف یا گرمی !آسمان سے آگ برسنے لگا

21اور 22جون کو وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیشگوئی ، گرمی کی شدت سے لوگوں کو راحت ملنے کا امکان

سرینگر / سی این آئی // ٹنل کے آر پار شدید گرمی کی لہر کے بیچ سرینگر میں 35.2ڈگری کے ساتھ ریکارڈ ترین گرم دن درج ہوا جبکہ کپواڑہ میں دن کا درجہ حرارت 34ڈگری عبور کر گیا ۔ادھر کئی روز سے جاری شدت کی گرمیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 3دنوں تک وسیع پیمانے پر بارشیں ہونگی جس کے نتیجے میں گرمی کی لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہو گی ۔ ۔ سی این آئی کے مطابق جہاں ماہ جون میں درجہ حرارت میں اضافہ کے نتیجے میں پائی جانے والی شدید گرمی کی وجہ سے اہل وادی کیلئے رات دن تکلیف دہ ثابت ہو رہے ہیں وہیں گرمی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کی ایک کڑی کے تحت سرینگر میں جمعرات کو پھر سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ۔ جمعرات کودن بھر شدید گرمی کی لہر جاری رہی جس دوران درجہ حرارت 35.2ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں جمعرات کو دن کا درجہ حرارت 35.2ڈگری ریکارڈ کیا گیاجبکہ اس کے ساتھ ساتھ کپواڑہ میں دن کا درجہ حرارت 34ڈگری ریکار ڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے تاہم تازہ بارشوں کے بعد درجہ حررارت میںکمی واقع ہوئی اور جمعرات کو جموں میں دن کا درجہ حرارت 38ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر کئی روز سے جاری شدت کی گرمیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 23جون سے موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال میں تبدیلی آئے گی جس کے نتیجے میں گرمی کی لہر میں کمی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ 21اور 22جون موسم میں بدلائو آگئے گا جس کے نتیجے میں گرج چمک کے ساتھ وسیع پیمانے پر بارشیں ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد امکانات ہیں کہ گرمی کی شدت میں کمی آسکتی ہے ۔اسی دوران شدت گرمی کی تپیش سے بچنے کیلئے نوجوانوں کی طرف سے ندی نالوں اور دیائوں کا رخ کیا جاتا ہے اور گرمی سے راحت پانے کیلئے وہ تیراکی کا بھی مزہ لیں رہے ۔