بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نےمؤثر اور نتیجہ خیز ترقیاتی منصوبے کی تشکیل کو یقینی بنانے میںعوامی شراکت داری کے کلیدی کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے چرارِ شریف حلقے کے بگرو خانصاحب میں ایک روزہ عوامی رابطہ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانی کے عمل میں عوام کی شرکت نہایت اہم ہے۔اُنہوں نے کہا،’’مؤثر اور ٹھوس منصوبہ بندی کے لئے عوامی شراکت ضروری ہے۔ عوام کو حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور افسران کو بھی چاہیے کہ وہ منصوبہ بندی اور عمل آوری کے مراحل میں عوام کی بامعنی شمولیت کو یقینی بنائیں۔‘‘سپیکر موصوف نے ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر بگرو، کریمشور، دری گام، لنور، نمبلہار، آرمپورہ، کھسی پورہ اور دیگر نزدیکی علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے بنیادی سہولیات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی خدمات سے متعلق مسائل اُٹھائے۔سپیکر عبدالرحیم راتھرنے عوامی شمولیت کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران اور محکمانہ سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ بروقت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور شکایات ازالے نظام کو مؤثر و مضبوط بنائیں۔اُنہوں نے عوامی سطح پر حساس اور قریبی رابطے پر مبنی حکمرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’حکومت لوگوںکو اُن کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے پُر عزم ہے ۔ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ مل کر ہم کمیونٹی کی ضروریات کو براہ راست سمجھنے اور ان کو حل کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں ۔‘‘سپیکر موصوف نے شہریوں پر مبنی طرزِ حکمرانی اور شمولیتی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا ،’’اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے نہ صرف عوام کی شرکت اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا بلکہ ترقیاتی منصوبوں اور فلیگ شپ پروگراموں پر مؤثر عمل آوری بھی ممکن ہوگا۔‘‘اُنہوںنے مزید کہا کہ ایسے عوامی رابطے کے اقدامات جن کے ذریعے حکومت عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرتی ہے دیگر شعبوں میں بھی جاری رہے گی۔اِس عوامی رابطہ پروگرام میں چرارِ شریف اور خانصاحب سے ڈِی ڈِی سی ممبران، ایس ڈِی ایم خانصاحب، چیف میڈیکل آفیسر، چیف ایجوکیشن آفیسر اور دیگر ضلعی و شعبہ جاتی افسران نے بھی شرکت کی۔










