جاوید احمد رانا نے بارہمولہ میں جل جیون مشن کے تحت تین واٹر سپلائی سکیموں کا اِفتتاح کیا

جاوید احمد رانا نے بارہمولہ میں جل جیون مشن کے تحت تین واٹر سپلائی سکیموں کا اِفتتاح کیا

15.68کروڑ روپے مالیت کی سکیموں سے 13 ہزار سے زائد دیہی باشندے مستفید ہوں گے

بارہمولہ//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے دیہی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سب کے لئے پینے کے صاف پانی کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت میں آج ضلع بارہمولہ میں جل جیون مشن کے تحت تین واٹر سپلائی سکیموں کا افتتاح کیا۔ تقریب میں رُکن قانون ساز بارہمولہ جاوید حسن بیگ، ممبر قانون ساز اسمبلی اوڑی سجاد شفیع،ممبر اسمبلی پٹن ریاض بیدار،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، جل شکتی محکمہ کے سینئر اَفسران، اِنجینئروں اور مقامی نمائندوں نے شرکت کی۔اِفتتاح کی جانے والی تین سکیموں میںواٹر سپلائی سکیم کچامہ،واٹر سپلائی سکیم کانسپورہ ،واٹر سپلائی سکیم کھڈنیار (ریٹروفٹنگ) شامل ہیں۔یہ تمام سکیمیں متعلقہ پنچایتوں میں فنکشنل گھریلو نل کنکشن (ایف ایچ ٹی سیز) کے ذریعے پینے کے پانی تک رسائی بہتر بنانے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے۔واٹر سپلائی سکیم کچامہ جو کہ نالہ پنتھل سے حاصل کردہ کشش ثقل پر مبنی سکیم ہے ، 2435 کی آبادی کا احاطہ کرتی ہے اور اس میں 314 گھریلو نل کے کنکشن شامل ہیں۔ اس سکیم میں 13.70 کلومیٹر کا پائپ نیٹ ورک شامل ہے اور اسے 353.37 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا۔واٹر سپلائی سکیم کانسپورہ جو دریائے جہلم سے پانی کھینچنے والی لفٹ پر مبنی پانی کی فراہمی کی سکیم ہے کو 1,246 ایف ایچ ٹی سی کے ذریعے 8,722 لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ پائپ کی لمبائی میں 55.95 کلومیٹر پر محیط ہے اور اسے 1,065.96 لاکھ روپے کی لاگت سے انجام دیا گیا تھا۔واٹر سپلائی سکیم کھڈنیار (ریٹروفٹنگ) بھی کشش ثقل پر مبنی ہے جو 303 ایف ایچ ٹی سی کے ساتھ 2,224 افراد کی ضروریات کو پورا کرتا ہے اوراس میں 9.46 کلومیٹر کا ڈِسٹری بیوشن نیٹ ورک شامل ہے۔ اس پروجیکٹ کی لاگت 149.23 لاکھ روپے ہے۔اِس موقعہ پر وزیر جلد شکتی جاوید احمد رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جل جیون مشن مرکزی حکومت کی ایک تاریخی پہل ہے جس کا مقصد ہر دیہی گھر تک نلکے کے ذریعے صاف پینے کا پانی پہنچانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ آج جن سکیموں کا اِفتتاح کیا گیا ہے، وہ اس عزم کا عملی مظاہرہ ہیں کہ حکومت دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ صاف پانی کی فراہمی صرف ایک بنیادی ڈھانچے کی ترقی نہیں بلکہ دیہی کمیونٹیوں کی صحت، وقار اور بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل پر جل شکتی محکمہ کے انجینئروں، فیلڈ سٹاف اور دیگر افسران کی انتھک محنت کو سراہا۔انہوں نے مقامی پنچایتوں اور عوام کے تعاون کو بھی سراہا جن کی مدد سے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکی۔وزیر موصوف نے کہا کہ یہ کاوشیں ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد دیہی زندگی کو بہتر سہولیات اور ہمہ گیر ترقی کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مسلسل تعاون اور تمام سطحوں پر ہم آہنگی سے بارہمولہ ضلع جلد ہی سو فیصد گھریلو پینے کے پانی کی فراہمی کے ہدف کو حاصل کرے گا۔