اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں تعارفی و جائزہ میٹنگ منعقد
سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تخمینہ کمیٹی نے جموںوکشمیر میں ترقیاتی فنڈز کے اِستعمال کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ آج اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقدہ ایک تعارفی و جائزہ میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ کمیٹی کی چیئرپرسن شمیم فردوس نے میٹنگ کی صدارت نے کی۔میٹنگ میں ارکان قانون ساز غلام احمد میر، عبدالمجید بٹ (لارمی)، پون کمار گپتا، چندر پرکاش گنگا، پیارے لال شرما اور ارجن سنگھ راجو نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز فیاض اے لون، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ایم ایس ملک اور متعلقہ محکموں کے اَفسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے شروعات میں چیئرپرسن شمیم فردوس نے کہا کہ کمیٹی یہ جائزہ لے گی کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ میں مختص فنڈز کا صحیح اِستعمال ہوا یا نہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی مؤثر اور متبادل پالیسی اَقدامات کی سفارش بھی کرے گی تاکہ اِنتظامی کارکردگی اور معیشت کو بہتر بنایا جا سکے۔میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ اہم محکموں کی کارکردگی، بجٹ تخمینوں، اصل و نظرثانی شدہ تخمینوں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کئے گئے اخراجات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔دورانِ میٹنگ اراکین نے اَپنی تجاویز کا اشتراک کیا اور فنڈز کے اِستعمال سے متعلق مسائل اُٹھائے ۔اُنہوں نے عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے لئے دیانتداری سے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ آئندہ میٹنگوں میں ہر محکمہ کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا تاکہ فنڈز کے مؤثر اِستعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔










