اینٹی کرپشن بیورو نے پونچھ میں پٹواری کو 5,000 روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا

سرینگر/// جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی بیورو (ACB) نے تحصیل منڈی، ضلع پونچھ کے گاؤں دھاڑہ کے پٹواری محمد جمیل کو پانچ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔وائس آف انڈیا کے مطابق انسداد بدعنوانی بیورو کو ایک شہری کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اْسے اپنے ذاتی زمین سے متعلق ریونیو ریکارڈ یعنی خسرہ گردواری کی مصدقہ نقول درکار تھیں، جس کے لیے اس نے 26 اپریل 2025 کو آن لائن درخواست دی تھی، تاہم متعلقہ پٹواری محمد جمیل رشوت طلب کر رہا تھا۔شکایت کنندہ نے رشوت نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ACB سے رابطہ کیا اور متعلقہ اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی۔بیورو نے شکایت کی بنیاد پر ابتدائی طور پر خفیہ تصدیق کا عمل شروع کیا، جس میں رشوت طلبی کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد پولیس اسٹیشن ACB راجوری میں انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 02/2025 درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کی گئی۔تفتیش کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے منصوبہ بند کارروائی کے تحت ملزم پٹواری کو پانچ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ACB ٹیم نے قانونی ضابطوں کو پورا کرتے ہوئے موقع پر ہی محمد جمیل کو حراست میں لیا۔بعد ازاں، پٹواری محمد جمیل کے پونچھ میں واقع رہائشی مکان پر بھی تلاشی لی گئی۔بیورو کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے، اور اس ضمن میں مزید کارروائی متوقع ہے۔