farooq abdullah

کٹرا سرینگر وندے بھارت ریل میں فاروق عبداللہ کا پہلا سفر

“ایئر لائنز عوام کا استحصال کرتی ہیں جب سڑکیں بند ہوتی ہیںنئی ٹرین اس کا خاتمہ کرے گی” — فاروق عبداللہ

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیر کے لیے حال ہی میں شروع کی گئی وندے بھارت ٹرین سروس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم قدم قرار دیا، جو مقامی لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرے گا، روابط کو بہتر بنائے گا، اور سیاحت و باغبانی سمیت کئی شعبوں کو فروغ دے گا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق فاروق عبداللہ نے کٹرا جانے والی وندے بھارت ٹرین میں سوار ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “آج ہمارے لیے ایک بڑا دن ہے۔ یہ ریل رابطہ عوام کے لیے بہت راحت بخش ثابت ہوگا، اور میں خود اس پر سفر کرنے پر خوش ہوں۔” انہوں نے جموں-سری نگر ہائی وے کی بار بار بندشوں کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات پر بات کرتے ہوئے کہا، “جب بھی موسم یا لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے ہائی وے بند ہو جاتا ہے، ہوائی کرایہ بڑھ جاتا ہے اور عام لوگوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جاتا ہے۔ یہ ٹرین اس استحصال کا خاتمہ کرے گی۔ معاشی امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ یہ ریلوے راستہ کشمیری باغبانوں کے لیے مددگار ثابت ہوگا، کیونکہ پھل اور دیگر خراب ہونے والی اشیاء کو تیزی سے بیرونی منڈیوں تک پہنچایا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرین سروس سیاحوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوگی، کیونکہ اب تیز، سستا اور محفوظ سفر ممکن ہو گیا ہے، جو کشمیر کی سیاحت کو مزید فروغ دے گا۔ یہ ٹرین سروس، جو حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کی گئی، کشمیر کو پہلی بار ملک کے باقی حصوں سے ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے میں کامیاب ہوئی ہے۔