سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے عید الاضحی کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوںکو دل کی گہرائیوں سے مُبارک باد پیش کی ہے۔وزیر موصوفہ نے اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں کہا کہ عید الاضحی جو قربانی کا فیسٹول ہے، نہ صرف ایمان اور عقیدت کی تقریب ہے بلکہ ہمدردی، اِنکساری اور اِتحاد کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کرنے کا وقت بھی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دِن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بے مثال اطاعت اور اللہ سبحان و تعالیٰ کے حکم کے آگے سرِتسلیم خم کرنے کی یاد دِلاتا ہے جو ہمیںاخلاص، ایثار اور اِنسانیت کی خدمت کی زِندگی گزارنے کا درس دیتا ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’جب ہم نماز کے لئے جمع ہوتے ہیں اوراَپنی قربانیاں پیش کرتے ہیں تو آئیے ہم ان اقدار کو بھی یعنی پسمانہ لوگوں کی دیکھ ریکھ کرنا، اَپنی نعمتوں کو دوسروں کے ساتھ بانٹنااور رشتہ داری اور سماجی آہنگی کے بندھن کو مضبوط کرنا یاد رکھنا چاہیے جو یہ عید ہمیں درس دیتی ہے۔یہ ضرورت مندوں کو ہمدردی کے ساتھ گلے لگانے اور اس بات کو یقینی بنانے کا موقعہ ہے کہ ہماری اِجتماعی خوشیوں میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔‘‘وزیر موصوفہ نے سب سے اپیل کی کہ وہ اِس عید کو ایک دوسرے کے تئیں نئی ذمے داری کے احساس کے ساتھ منائیں اور ہمارے خطے اور دُنیا بھر میں اَمن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لئے دُعا کریں۔ اُنہوں نے مزید جامع اور روشن خیال جموں و کشمیر کی تعمیر میں تعاون کرنے والے ہر فرد کے لئے بھی دُعا کی۔










