جاوید احمد رانانے ریجنل پاور منسٹرز کانفرنس میں شرکت کی

جاوید احمد رانانے ریجنل پاور منسٹرز کانفرنس میں شرکت کی

کہا، سردیوں کے موسم میں جموں و کشمیر کو یقینی اور مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے

چندی گڑھ// جموں و کشمیر کے کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے چنڈی گڑھ میں منعقدہ شمالی ریاستوں و یوٹیزکے ریجنل پاور منسٹرس کانفرنس 2025 ء میں شرکت کی۔یہ کانفرنس خطے کو درپیش بجلی کے اہم مسائل جیسے وسائل کی دستیابی، ترسیلی صلاحیت اور سائبر سیکورٹی پر تبادلہ خیال وغور و خوض کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔جاوید احمد رانا نے کانفرنس کے دوران مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سردیوں کے موسم میں جموں و کشمیر کو یقینی اور مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اُنہوں نے جغرافیائی محل و وقوع اور بجلی کی مانگ میں مو سمی تغیر کی وجہ سے ریاست کو درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں ٹرانسمیشن اِنفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کشن پور۔موگا ٹرانسمیشن لائن کی اَپ گریڈیشن اور 400 کے وی اے گرڈ سٹیشن سیوٹ کی تکمیل کا مطالبہ کیا تاکہ خطے کو قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔مزید برآں، وزیرجاوید احمد رانا نے جموں و کشمیر میں دیرپا توانائی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے ریاست میں چھوٹے پن بجلی منصوبوں کی صلاحیت اور لداخ کے ساتھ گرین کوریڈور کے ذریعے سولر اَنرجی کی ترسیل کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔وزیر موصوف نے پاور سیکٹر میں سائبر سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ریاست کے بجلی ڈھانچے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اُنہوںنے یقین دِلایاکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے عوام کو قابلِ اعتماد، دیرپا اور محفوظ بجلی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ کانفرنس نے جموں و کشمیر کے وزیر کو دیگر شمالی ریاستوں اوریوٹیزکے وزراء کے ساتھ ساتھ وزارتِ پاور کے حکام سے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور جموںوکشمیرمیں پاور سیکٹر کو درپیش چیلنجوں کے حل تلاش کرنے کا ایک قیمتی موقعہ فراہم کیا۔