ایس ڈِی ایچ پانپور میں ڈائیلاسز یونٹ کا اِفتتاح کیا، عید الاضحی کی تیاریوں ، صحت و تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا
پانپور// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے پانپور حلقے کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ اہم عوامی سہولیات کے کام کاج اور علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ممبر قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر اور محکمہ صحت، سماجی بہبود، تعلیم، آیوش اور دیگر متعلقہ محکموں کے ڈائریکٹران و ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر افسران بھی تھے۔اُنہوں نے پی ایچ سی کاکہ پورہ کے دورے کے دوران ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے، طبی سہولیات اور عملے کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مریضوں اور طبی عملے سے بات چیت کی اور عوامی شکایات بھی سنیں۔پرائمری ہیلتھ سینٹر ( پی ایچ سی) کی زیر تعمیر عمارت جاری کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کاموں میں سرعت لائے اور مقررہ مدت میں سہولیت کی برقت تکمیل کو یقینی بنائے ۔اُنہوں نے لوگوں سے بھی بات چیت کی اور اُن کے مطالبات اور شکایات سنیں۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت شعبے کو مستحکم بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے خواتین کے لئے مفت بس سروس، میریج اسسٹنس سکیموں میں اِضافہ اور اے اے وائی کنبوں کے لئے مفت بجلی یونٹس سمیت مختلف فلاحی اقدامات کا ذِکر کیا۔بعد ازاں، اُنہوں نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) پانپور کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںڈائیلاسزیونٹ کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سہولیت گردے کے مریضوں کے لئے ایک بڑی راحت ہوگی جو پہلے علاج کے لئے دُور دراز علاقوں کا سفر کرتے تھے۔وزیر موصوفہ نے گورنمنٹ ڈِگری کالج پامپور کے دورے پرتعلیمی و بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کا تفصیلی معائینہ کیا ۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے کالج کی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر مشتمل ششماہی نیوز لیٹر ’’شاخِ زعفران‘‘ کی رسم رونمائی بھی اَنجام دی ۔جرا بھی کیا۔ بعد میں وزیر سکینہ اِیتو نے ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد کی جس میں ترقیاتی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اُنہوں نے محکمہ دیہی ترقی (آر ڈِی ڈِی) اور سماجی بہبود کی سکیموں میں باہمی ربط اور مؤثر عمل درآمد کی ہدایات دیں۔اُنہوں نے جل شکتی، تعمیراتِ عامہ (آر اینڈ بی)، زراعت اور دیگر کلیدی شعبوں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سماجی بہبود کی سکیموں پر بات کرتے ہوئے متعلقہ اَفسران کو بزرگوں، بیواؤں کی پنشن اور شادی اِمداد کی تمام زیر اِلتوا ٔدرخواستیں فوری طور پر نمٹانے کی ہدایت دی۔وزیر موصوفہ نے کالج احاطے کی خوبصورتی، سڑکوں کی بروقت میکڈیمائزیشن، نکاسی آب نظام کی بہتری اور تمام زیر تعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ اُنہوں نے آئندہ عید الاضحی کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور راشن کی تقسیم، ضروری اَدویات کی دستیابی اور مذہبی مقامات کے اطراف صفائی مہم کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں تاکہ لوگ عید الاضحی کی تقریب سعید خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے منا سکیں۔










