جاوید احمد رانا کی صدارت میں جنگلات اور جل شکتی محکموں کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد

جاوید احمد رانا کی صدارت میں جنگلات اور جل شکتی محکموں کی اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد

جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے سینئر اَفسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ماحولیاتی تحفظ، آبی وسائل کے انتظام اور قبائلی فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ (پی سی سی ایف)، چیف وائلڈ لائف وارڈن جموں و کشمیر، چیف اِنجینئر جل شکتی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیرموصوف نے شجرکاری مہم، مون سون کے آئندہ موسم میں ماحولیاتی طور پر حساس اور غیر جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں جس میں مقامی کمیونٹی کی بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے۔اُنہوں نے جل شکتی اور جنگلات کے محکموں کو مٹی کے کٹاؤ کی بڑھتی ہوئی تشویش کو دور کرنے کے لئے بالخصوص واٹرشیڈ اور کیچ منٹ والے علاقوں میں مٹی کے تحفظ کے مربوط پروجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے مغل روڈ سمیت حساس علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، مقامی شراکت داروں کی شمولیت اور ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ دیرپاسیاحت کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اُنہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ سیاحت کے ساتھ مل کر محفوظ اور مناسب اشارے اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ ٹریکنگ راستوں کی نشاندہی اور ترقی دیں تاکہ ماحولیاتی سیاحت کو فروغ اور مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔ وزیر موصوف نے گری ہوئی لکڑی کو نکالنے اور ان کے منظم اِستعمال کے لئے طریقۂ کار کو آسان اور مقامی آبادی کے مفاد میں بنایا جائے تاہم ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے کیمپا ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے اور مالیاتی نظام کو بہتر کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے دیرپا ترقی، کمیونٹی کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ اور اِنتظامی سطح پر فوری اقدامات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔