ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اتحاد اور نظم و ضبط پر زور

ہمیں اُمید ہیے کہ کہ مرکزی حکومت فوری طور پر جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریگی

اجتماعی کوششوں سے ہی طویل المدتی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور امن و امان حاصل کیا جاسکتاہے/ ڈاکٹر فاروق

سرینگر // کامیاب ، منصفانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے بعد نیشنل کانفرنس کی عوامی سرکار معرض وجود آئی اور حکومت کے قیام کے ساتھ ہی تمام سرکاری مشینری عوامی راحت کے کاموں میں محو ہوگئے کی بات کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان پیدا ہوئی دوریوں کو ختم کیا گیا اور حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا گیا۔ سی این آئی کے مطابق پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود، پارٹی عہدیداران اور لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ عوامی حکومت کے قیام سے اصلاحات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بہتر عوامی خدمات اور سماجی بہبود کی اسکیموں پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم ہوا ہے۔ تاہم، بامعنی تبدیلی کے لئے حکومت اور عوام کے درمیان وقت، صبر اور تعاون کی ضرورت ہے۔اعتماد اور تعاون کا ماحول پیدا کرتے ہوئے، ہر ایک کے لئے نئی حکومت کو اپنا مکمل تعاون پیش کرنا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں کی اجتماعی کوششوں سے طویل المدتی ترقی حاصل کرنے، معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور سب کے لئے امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کا زیادہ امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں ہو یا اقتدار کے باہر ،یہ جماعت ہر وقت عوام کیلئے وقف ہوتی ہے کیونکہ اس جماعت کے بانی شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے ہمارے لئے یہی اصول اور لائحہ عمل چھوڑے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اُمید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت فوری طور پر جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کریگی تاکہ یہاں کی حکومت بنا کسی رکاوٹ کے عوامی راحت کے کام انجام دے سکے۔ اس کے علاوہ لوگوں نے انہیں اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، انہوں نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام اور وزراء کیساتھ رابطہ کرکے ان مسائل کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں اور ان کا سدباب کرانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ اس موقعے پر پارٹی معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر، سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر، ایم ایل اے دیوسر پیرزادہ فیروز احمد، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، صوبائی سکریٹری سید توقیر، صوبائی یوتھ صدر مشتاق احمد میر اور دیگر عہدیدارن بھی موجو دتھے۔