20 خاندانوں کی روزی روٹی ختم ، علاقے میںتشویش ، پولیس نے کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کردی
سرینگر// شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گنڈ جہانگیر علاقے میں اس وقت تشویش کی لہر دو ڑ گئی جب نا معلوم شر پسند عناصر نے سیب کے درجنوں درختوں کو کاٹ ڈالے جس سے باغات والے تقریباً 20 خاندانوں کی روزی روٹی ختم ہوئی ۔ ادھر پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات کا آغا ز کر دیاہے ۔ سی این آئی کے مطابق بانڈی پورہ ضلع کے حاجن گنڈ جہانگیر علاقے میں نامعلوم شر پسند عناصر نے سیب کے درجنوں درختوں کو کاٹ ڈالا، جس سے باغات والے تقریباً 20 خاندانوں کی روزی روٹی تباہ ہوگئی۔نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے باغبانوں میں سے ایک محمد عبداللہ شیخ نے بتایا کہ صرف ان کے باغ کے لگ بھگ 50 سیب کے درخت بے دردی سے کاٹے گئے۔ توڑ پھوڑ نے گاؤں کے متعدد باغات کو متاثر کیا ہے، جس سے مقامی کاشتکار مایوسی کا شکار ہیں۔ نمائندے کے مطابق نا معلوم افراد نے باغات پر دائو بھول دیا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہو گیا ہے اور اس درجنوں کنبے روزی روٹی سے محروم ہو گئے ۔ ادھر پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہے۔ متاثرین نے تخریب کاری کی ایسی ٹارگٹ کارروائیوں کے دوبارہ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔ایک اور متاثرہ کسان عبدالسلام پرے نے کہا کہ باغات تقریباً 20 خاندانوں کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ اس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ یہ درخت صرف پودے نہیں تھے، یہ ہماری بقاء تھی ۔ ‘‘ مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مجرموں کا سراغ لگائے اور انہیں ہونے والے اہم نقصانات کا معاوضہ فراہم کرے۔دریں اثنا، پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہے.










