jai shankar

ہندوستان کبھی بھی جوہری بلیک میلنگ کی کسی بھی شکل کا شکار نہیں ہوگا

وقت بدل گیا ہے،،ہمارا عزم اب بہت مضبوط ،دہشت گردی کے مراکز اب محفوظ نہیں رہے ہیں/ جئے شنکر

سرینگر// اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک کے مفادات کا تحفظ سب سے اہم ہے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کبھی بھی جوہری بلیک میلنگ کی کسی بھی شکل کا شکار نہیں ہوگا۔سی این آئی کے مطابق گجرات کے وڈودرا میں پارول یونیورسٹی میں غیر ملکی قومی طلبا ء کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ دہشت گردی کیلئے نئی دہلی کی زیرو ٹالرینس آج اپنے اقدامات سے ظاہر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جوہری بلیک میلنگ کے آگے کبھی نہیں جھکیں گے۔ ہندوستان کے قومی مفادات میں جو بھی فیصلے لینے ہیں وہ لئے گئے ہیں اور لیتے رہیں گے۔جئے شنکر نے کہا ’’حال ہی میںہم نے جموں و کشمیر کی سیاحتی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش اور مذہبی انتشار کے بیج بونے کی ایک بری خواہش کو دیکھا۔ ہلاکتوں کی بربریت کو ایک مثالی ردعمل کی ضرورت تھی، جو دیا گیا۔‘‘انہوں نے کہا’’ یہ ضروری ہے کہ جو لوگ دہشت گردی کی سرپرستی، پرورش اور اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، انہیں جنگی حملے کے بعد بھی بھاری قیمت چکانا پڑی۔ ‘‘جئے شنکر نے کہا ’’ وقت بدل گیا ہے، اور ہمارا عزم اب بہت مضبوط ہے۔ دہشت گردی کے مراکز اب محفوظ نہیں رہے ہیں۔ دہشت گردی کے لیے ہندوستان کی زیرو ٹالرینس آج اس کے اقدامات سے ظاہر ہوئی ہے۔‘‘گلوبل ساؤتھ کے مسائل پر مزید زور دیتے ہوئے جئے شنکر نے کہا ’’دنیا کو درپیش دیگر اہم چیلنجز بھی ہیں، خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کے ہمارے بھائیوں اور بہنوں کو۔ ہم سب کو کووڈ وبائی مرض کے دوران احساس ہوا کہ ہماری صحت کی سلامتی دوسروں پر کتنا منحصر ہے۔‘‘ انہوں نے مزید متنوع اور تکثیری دنیا میں مضبوط بین الاقوامی تعاون کی ناگزیریت اور نئی دہلی کے نقطہ نظر کے بارے میں بات کی جو واسودیوا کٹمبکم کی اخلاقیات سے چلتی ہے۔