آئی پی ایل 2025کا سیزن اب اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلورو اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان منگل (27مئی) کو ہونے والا مقابلہ رواں سیزن کا آخری لیگ مقابلہ تھا۔ اس کے بعد جمعرات (29مئی) سے پلے آف کے مقابلے کھیلے جائیں گے اور پھر 3جون کو آئی پی ایل کے 18ویں سیزن کا خطابی مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس درمیان بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) آئی پی ایل کی اختتامی تقریب کی خصوصی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
بی سی سی آئی نے ’آپریشن سندور‘ کی کامیابی کا جشن منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے تحت بورڈ نے اختتامی تقریب کے لیے سی ڈی ایس کے ساتھ ساتھ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھی مدعو کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائکیا نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے حوالے سے کہا کہ بورڈ مسلح افواج کی بہادری، جرأت اور بے لوث خدمات کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ ملک کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا، ساتھ ہی ہمیں کافی حوصلہ دیا۔ احترام کے طور پر ہم نے اختتامی تقریب کو مسلح افواج کے نام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیوجیت سائکیا نے مزید کہا کہ ’’ہم نے ہندوستانی مسلح افواج کے تینوں سربراہان، اعلیٰ رینک کے افسران اور فوج کو ’آپریشن سندور‘ کی کامیابی پر احمد آباد میں ہونے والے فائنل مقابلہ کے لیے مدعو کیا ہے۔‘‘ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حب الوطنی کے جذبے میں مزید اضافے کے لیے اختتامی تقریب میں فوجی بینڈ کے ذریعہ پرفارمنس پیش کیے جانے کی بھی امید ہے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کی شرکت کے پیش نظر بی سی سی آئی کو امید ہے کہ اختتامی تقریب ایک کامیاب تقریب ہوگی۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے کہا کہ اگرچہ کرکٹ ایک قومی جذبہ ہے، لیکن ہمارے ملک کی خود مختاری، سالمیت اور سلامتی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔










