عمل آوری ایجنسی کو جولائی 2025ء تک پروجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایت
اودھمپور / /نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ضلع اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا اور بیلی میں زیر تعمیر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اودھمپورکے جاری تعمیری کاموں کا معائینہ کیاجسے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اودھمپور پریم سنگھ، متعلقہ محکمو ں اور عمل آوری ایجنسیوں کے سینئراَفسران بھی تھے۔اِس موقعہ پر ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی اودھمپور نے نائب وزیراعلیٰ کو منصوبے کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کے بارے میںمعلومات فراہم کیں۔نائب وزیرا علیٰ سریندرکمار چودھری نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتارمیں سرعت لائیں اور منصوبے کو جولائی 2025 کی مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔ اُنہوں نے اِضافی اَفرادی قوت تعینات کرنے، ڈبل شفٹوں میں کام کرنے اور سائٹ کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا اور تاکید کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدہ نگرانی کریں اوربغیر کسی رُکاوٹ کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ معائینہ کریں۔ نائب وزیراعلیٰ نے تعمیراتی مواد جیسے ریت اور اینٹوں کے سخت معیار چیک کرنے، مزدوروں کے قوانین اور سائٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت سے متعلق پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی۔اُنہوں نے معائینے کے دوران منصوبے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا، کام کی صورتحال کا تجزیہ کیا اور پروجیکٹ کی پیش رفت میں رُکاوٹ بننے والی کسی بھی رُکاوٹ کو فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا۔سریندرکمار چودھری نے ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ وسائل کو مؤثر طریقے سے متحرک کریں اورزیادہ ہم آہنگی و عزم کے ساتھ کام کریں تاکہ بہترین نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر کو تعمیری ایجنسی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دی تاکہ زمینی سطح پر کام کی رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔اِس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے اودھمپور کے بگلامُکھی مندر میں حاضری دی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی خوشحالی و امن کے لئے دُعا کی۔










