محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ اور محکمہ سکولی تعلیم کشمیر کے اِشتراک سے ’نشہ مُکت ابھیان‘ کے تحت ثقافتی بیداری پروگرام کا اِنعقاد

محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ اور محکمہ سکولی تعلیم کشمیر کے اِشتراک سے ’نشہ مُکت ابھیان‘ کے تحت ثقافتی بیداری پروگرام کا اِنعقاد

سری نگر //محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ ( ڈِی آئی پی آر ) نے آج محکمہ سکولی تعلیم کشمیر (ڈِی ایس اِی کے) کے اِشتراک سے ’’نشہ مُکت ابھیان‘‘کے تحت ایک روزہ بیداری اور ثقافتی پروگرام کا اِنعقاد پنڈت بھجن سوپوری آڈیٹوریم ڈِی آئی پی آر کمپلیکس پولو ویو سری نگر میں کیا۔پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے اِستعمال کے خطرناک اثرات سے آگاہ کرنا اور اُنہیں اِس سنگین مسئلے کے خلاف سرگرم کردار اَدا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ اِس مہم کے تحت موسیقی، رقص اور تھیٹر جیسے ثقافتی ذرائع کو مؤثر ابلاغ کے طور پر اِستعمال کیا گیا۔تقریب کی صدارت ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ نتیش راجورہ نے کی ۔اِس موقعہ پرجوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن کشمیر سیّد شہنواز بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر پی آر احسان الحق چشتی، کلچرل آفیسر کشمیر برہان حسین اور ڈِی آئی پی آر کے دیگر اَفسران بھی موجود تھے۔پروگرام میں پیش کئے گئے مختلف ثقافتی مظاہرے حاضرین کے لئے باعثِ دلچسپی اور مسحور کن ثابت ہوئے۔ اِن مظاہروں میں یمبرزل کلچرل گروپ کا روایتی کشمیری ’’روف‘‘، ایم جے ناصر اور اُن کے گروپ کی تھیماٹک ڈانس پرفارمنس، تُل کل آرٹس اینڈ میڈیا کلیکٹیو کا مؤثر شارٹ پلے اور فیروز شاہ و پارٹی کا لوک موسیقی پر مبنی پروگرام شامل تھے جنہیں سامعین کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی۔ بھرپور پذیرائی بخشی۔محکمہ تعلیم سے وابستہ اَساتذہ اور طلبأ کی بڑی تعداد نے پروگرام میں جوش و خروش سے شرکت کی جو کہ نشہ آور مواد کے بڑھتے ہوئے خطرے پر اِجتماعی تشویش کا مظہر تھا۔ جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن سیّد شہنواز بخاری نے اَپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ایسے ثقافتی اقدامات کے ذریعے بیداری کے پیغامات کو وسیع پیمانے پر پھیلانے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے وادی کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اِس اہم مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔کلچرل آفیسر کشمیر برہان حسین نے ڈِی آئی پی آر کی اس شعبے میں جاری کوششوں اور منشیات کی روکتھام کے لئے مؤثر بیداری مہمات کو اُجاگر کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ایگزی بیشن اینڈ کلچرل آفیسر (اے اِی سی او) سیّد شکیل شان نے اَنجام دی۔ اُنہوں نے تعلیمی اِداروں سے اپیل کی کہ وہ ڈِی آئی پی آر کے ساتھ مل کر نشہ کے خلاف جدوجہد میں شراکت دار بنیں۔پروگرام کے دوران منشیات کے مضر اثرات پر مبنی ایک مختصر فلم بھی دِکھائی گئی جس نے بیداری اور عملی اقدام کے پیغام کو مزید مؤثر انداز میں اُجاگر کیا۔