ڈرائیونگ ٹیسٹ اور وہیکل فِٹنس سہولیات پر جائزہ میٹنگ منعقد
پہلگام//مقامی ٹرانسپورٹ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک اہم قدم کے طورپر پہلگام میں ٹیکسی مالکان کے ایک وفد نے وزیر برائے خوراک،شہری رسدات و امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور اَمورِ نوجوان و کھیل ستیش شرما سے ملاقات کی۔میٹنگ میں مشہور سیاحتی مقام میں ٹیکسی آپریٹروںکو متاثر کرنے والے دیرینہ مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی۔ٹیکسی مالکان نے ایک مفصل چارٹر پیش کیا جس میں کئی اہم مسائل اُجاگر کئے گئے جن میں ناکافی سڑکوں کا بنیادی ڈھانچہ ، موسمی پرمٹ تک محدود رَسائی، روٹ کو معقول بنانے سے متعلق مسائل،بہتر پارکنگ سہولیات کی ضرورت اورریگولیٹری تعمیلات کو بہتر کرنا شامل ہے ۔وفد نے اِس بات پر زور دیا کہ ٹیکسی خدمات پہلگام کی سیاحت پر مبنی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور حکومت کی طرف سے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ سیاحتی سیزن میں روانی اور کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیرموصوف نے ٹیکسی آپریٹروںکے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا،’’آپ کے مسائل جائز ہیں اور فوری حل طلب ہیں۔ ہم سیاحتی علاقوں جیسے پہلگام میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے پُر عزم ہیں۔‘‘اُنہوں نے وفد کو یقین دِلایا کہ وفد کے مطالبات متعلقہ محکموں کو بھیجے جائیں گے اور مقررہ وقت میں اَقدامات کئے جائیں گے۔ وزیرموصوف نے فالو اَپ میٹنگوں کے اِنعقاد کی بھی یقین دہانی کی تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر نے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (اے آر ٹی او) اننت ناگ اور دیگر سینئر اَفسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ بھی منعقدکی۔میٹنگ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ اور گاڑیوں کی فِٹنس جانچ کی خدمات کو بہتر بنانے پر غور وخوض کیا گیا۔ وزیر ستیش شرمانے اے آر ٹی او کو ہدایت دی کہ یہ سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے اِمکانات کا جائزہ لیا جائے تاکہ شہریوں اور کمرشل گاڑیوں کے مالکان کے لئے سفر اور تاخیر کو کم سے کم کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارا مقصد لوگوںکے قریب خدمات فراہم کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور افسر شاہی رُکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔‘‘اُنہوں نے ڈیجیٹل خدمات کو مستحکم کرنے اور ٹرانسپورٹ نظام کو ڈیجیٹل اِنڈیا مشن کے تحت آئی ٹی اقدامات کے ساتھ مربوط کرنے پر زور دیا۔وزیرموصوف نے پہلگام میں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے سیاحوں سے بھی ملاقات کی۔ اُنہوں نے ان کے تجربات کے بارے میں دریافت کیا اور تمام ضروری سہولیات، تحفظ اور اِنتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔ستیش شرما نے گوری شنکر مندر پہلگام میں حاضری دی اور اُنہوں نے وہاںجموںوکشمیر یوٹی اور ملک کے تمام شہریوں کی خوشحالی کے لئے دُعا کی۔ اُنہوں نے اُن شہدأ کے اَرواح کی ابدی سکون کے لئے بھی دُعاکی جنہوں نے ملک کی حفاظت کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔










