لفٹینٹ گورنر نے عزم اور قومی اتحاد کے ایک طاقتور پیغام کے ساتھ فوجیوں کی ریلی نکالی
سرینگر //لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے بارہمولہ اور اوڑی سیکٹرز میں فرنٹ لائن کا دورہ کیا ۔ انہوں نے ایل او سی کے قریب تعینات فوجیوں سے خطاب کیا اور ان سے بات چیت کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کا صرف ایک ہی خواب اور عزم ’’ بھارت کے دشمنوں پر حملہ کرنا اور ہمارے شہریوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کرنا ‘‘ ہے۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ’’ میں آپ کی آنکھوں میں عزم دیکھ رہا ہوں اور میں ملک بھر کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں ۔ پوری قوم آپ کی بہادری دیکھ رہی ہے اور پربھو شری رام آپ کو دشمنوں کو ختم کرنے کی طاقت فراہم کریں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ میں جموں و کشمیر کے مرکزی علاقے کے عوام کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ امن خوشحالی کی بنیاد ہے اور وردی میں ہمارے جوان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جموں کشمیر اور بھارت پرامن اور خوشحال ہیں‘‘۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ قوم کو ہمیشہ مسلح افواج پر فخر ہے اور جب بھی ملک کو کسی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہمارے فوجیوں نے اعلیٰ قربانی دے کر بھارت ماتا کے فخر کو بڑھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ آپ کی بیادری اور ہمت سے بھری پڑی ہے ہندوستان ہمیشہ امن کی وکالت کرتا ہے ۔ پہلگام میں ہمارے شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کے بعد اس کا بنیادی مقصد دہشت گردوں کے ٹھکانے کو ختم کرنا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ اگر کوئی بار بار ہمارے امن کو پریشان کرنے کی کوشش کرتا ہے تو پھر انہیں اسی طرح کا سبق سکھایا جائے گا کہ ان کی اگلی 10 نسلیں اسے یاد رکھیں گی ۔ پورے 140- کروڑ ہندوستانی ہمارے فوجیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں ۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو طاقت دے تا کہ آپ ایک بار پھر ہندوستان کی بہادری کی کہانی لکھ سکیں ۔










