سری نگر//جموں و کشمیر اورلداخ ہائی کورٹ کی سری نگر وِنگ میں 76 واںیوم جمہوریہ اِنتہائی جوش و خروش اور پورے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس اَتل شری دھرن نے قومی پرچم لہرا یا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی اور اِس کے بعد بینڈ کی جانب سے قومی ترانہ اور حب الوطنی کی دُھنیں بجائیں گئیں۔تقریب میں جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد یوسف وانی نے بھی شرکت کی۔ اِس کے علاوہ ممبرسی اے ٹی سری نگر بنچ میر سیّد لطیف، سری نگرکے پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج جعفر حسین بیگ، رجسٹرار ویجی لنس تسلیم عارف، رجسٹرار جوڈیشل سری نگر وِنگ فاروق احمد بٹ، ڈِی ایس جی آئی طاہر مجید شمسی، صدرکشمیر ایڈوکیٹس ایسوسی ایشن وسیم گل، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اَفسران، لأ اَفسران اور ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ کے اَفسران و ملازمین موجود تھے۔تقریب کا اِختتام پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ہوا۔










