ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ضلع میں نبارڈ آر آئی ڈی ایف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ وِکاس کنڈل نے ضلع میں نبارڈ رورل اِنفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ (آر آئی ڈِی ایف) کی طبعی و مالی پیش رفت کا ایک منعقدہ میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ کا مقصد پسماندہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو ہدف بناتے ہوئے مختلف ترقیاتی اَقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بات چیت کے دورا ن کمیونٹی کے فائدے کے لئے ترقیاتی عمل کو آسان کرنے کے لئے جنگلات اور ریونیو کلیئرنس کے طریقہ کار کو تیز کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے بین محکمانہ کوآرڈی نیشن کی اہمیت پر زور دیا اور ضلع کے تینوں سب ڈویژنوں میں سڑک رابطے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایس ڈی ایم میندھر اور ایس ڈی ایم سرنکوٹ نے بذریعہ ورچیول موڈمیٹنگ میں حصہ لیا اور اَپنے متعلقہ ڈویژنوں میں جاری کاموں کے بارے میں تفصیلی اَپ ڈیٹس فراہم کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی کہ وہ منظور شدہ منصوبوں پر سختی سے عمل کریں اور جاری منصوبوں میں تیزی لائیں۔ اُنہوں نے زیر اِلتوا ٔسڑکوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک فعال نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔اِس کے علاوہ اُنہوں نے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئروںکو ہدایت دی کہ وہ بالخصوص ڈِسٹرکٹ کیپیکس کے تحت لیپس ایبل فنڈز کی کلیئرنس کو ترجیح دیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جنوری 2025 ء کے آخیر تک بی اے ڈِی پی پلان کی تکمیل کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی۔میٹنگ میں ایس اِی پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، اے سی آر پونچھ، سی پی او، ایگزن پی ڈبلیو ڈی ڈویژن پونچھ، ایگزن پی ایچ اِی، اے اِی اِی اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔