نئے عیسوی سال کی آمد پر صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا تہنیتی پیغام
سرینگر // نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نئے سال کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ سال 2025کے دوران جنوبی ایشیا خصوصاً برصغیر میں امن وامان کا نیا دور جاری ہوگا اور جموں وکشمیر کے عوام کو راحت نصیب ہوگی جو گذشتہ10برس سے زبردست مصائب اور مشکلات سے دوچار ہیں۔ سی این آئی کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ گذشتہ برسوں سے جموںوکشمیر کے لوگ زبردست مصائب و مشکلات میں دوچار ہیں اور آج بھی جموں وکشمیر کیخلاف سازشوںمیں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اُمید ہے کہ نو منتخب عوامی حکومت عوام کیلئے باعث راحت ثابت ہوگی۔ انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ یہ نیا سال کشمیر میں امن و امان کی نئی بہاریں لیکر آئے ، جموں وکشمیر کا وقار ، آئینی اورجمہوری حقوق بحال ہوں اور کشمیری قوم کو چین اور سکون کی زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا ہو۔ اُنہوں نے دعا کہا کہ نیا سال اقوام عالم کیلئے باعث نجات ورحمت ثابت ہو۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا اورایڈوکیٹ نے بھی نئے سال کی آمد پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔










