شکایات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کی
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے کئی وفود نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور کئی مطالبات پیش کئے ۔ وفود نے اپنے اپنے علاقوں کے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اٹھائے اور اس سلسلے میں وزیر سے مداخلت کی درخواست کی ۔ نگروٹہ بلاک کے ایک وفد نے سابق وزیر یوگیش ساہنی کی قیادت میں مختلف مقامات پر پانی کی قلت کے مسئلہ کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے شکایت کی کہ انہیں پینے کے پانی کی سہولیات کی قلت کا سامنا ہے اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اپنے علاقوں میں سڑکوں کے رابطے کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ سڑکیں کئی مقامات پر گڈھوں سے بھری پڑی ہیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انجینئرون کے ایک اور وفد نے وزیر موصوف سے ملاقات کی جو اب منقطع سیلف ہیلپ گروپ آف انجینئرز اسکیم ( ایس ایچ جی ای ایس ) کے تحت مصروف تھے اس اسکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم خطے میں بے روز گار انجینئرنگ گریجویٹس کیلئے باقاعدہ روز گار کا متبادل ہے اور ان کی زندگی کو آسان بنانے کیلئے اسے بحال کیا جائے ۔ اسی طرح دیگر وفود اور افراد نے بھی وزیر موصوف سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں سے متعلق کئی مسائل اٹھائے ۔ مسٹر رانا نے ان کے مسائل کو صبر سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ پیش کردہ مسائل کے جلد از جلد ازالے کیلئے مناسب سطح پر اٹھایا جائے گا ۔










