Chief Minister Omar Abdullah chairs review meeting of General Administration Department

وزیر اعلیٰ نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائیزہ لیا

جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ( جی اے ڈی ) کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے کام ، جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی ترقیوں ، کیڈر منیجمنٹ ، تربیت ، تبادلے اور دیگر انتظامی امور سمیت اہم پہلوؤں پر بات چیت کی ۔ جے کے اے ایس افسران کے درمیان جمود کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے محکمے کو قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت دی ۔ ہموار طرز عمل حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ نے غیرمعمولی حالات کے علاوہ دوبارہ ملازمت ، توسیع ، اضافی چارجز اور اٹیچمنٹ پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے خاص طور پر صحت اور طبی تعلیم کے محکموں میں منسلکات کا جائیزہ لینے پر زور دیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اس رواج کو ختم کرنا چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے کشمیری مہاجرین کیلئے پی ایم پیکج کے تحت تعینات ملازمین کی حیثیت اور کارکردگی کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ اس سے قبل کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی سنجیو ورما نے محکمہ کے کام کاج کا تفصیلی جائیزہ پیش کیا ۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ ایک الگ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رابطہ ۔ وزیر اعلیٰ کے سروسز اور آؤٹ ریچ آفس کے قیام کا جائیزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رابطہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک پُل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ حکمرانی میں عوام کی شرکت کو بڑھائے گا ۔ سیکرٹری شکایات اعجاز اسد نے حکومت اور شہریوں کے درمیان پل کے طور پر اس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے رابطہ کا فریم ورک پیش کیا ۔ میٹنگ میں آؤٹ ریچ آفس کے ڈھانچے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جے کے سمادھان کے ساتھ رابطہ کو مربوط کریں تا کہ ایک متحد اور جامع شکایات کے ازالے کا نظام بنایا جا سکے ۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔