پسماندہ افراد کی خدمت کرنے پر توی ویلفئیر سوسائٹی کو سراہا
جموں//جل شکتی ، جنگلات ، ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے آج کہا کہ این جی اوز لوگوں تک معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی اور مساوات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنا ون سئور چک ( منڈل ) میں موتیا بند کی سرجری کیلئے پانچھ روزہ مفت آئی کیمپ کی اختتامی تقریب کے دوران کیا ۔ کیمپ کا اہتمام توی ویلفئیر سوسائٹی نے کیا تھا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جاوید رانا نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے قابلِ فخر لمحہ ہے کہ ایک این جی او ضرورت مند لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے شاندار کام کر رہی ہے ۔ اپنے خطاب میں وزیر نے توی ویلفئیر سوسائٹی کی بے لوث کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات انسانیت اور سماجی ذمہ داری کی حقیقی روح کی عکاسی کرتے ہیں ۔ جاوید رانا نے کہا ’’ میں ضرورت مندوں تک پہنچنے اور صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے کیلئے این جی او کو سراہتا ہوں ‘‘۔ انہوں نے سرکاری اور نجی شعبے کی خدمات کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں این جی اوز کے کردار پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا اور مزید تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایسے ہی پروگراموں کیلئے آگے آئیں ۔ وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت اپنے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے اور قوم کی ترقی کیلئے ہر قدم اٹھائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے مسائل سُننا اور ان کا حل فراہم کرنا ہمارا فرض ہے ۔ ہم لوگوں کو ترقی پر مبنی طرز حکمرانی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ تقریب کا اختتام غیر سرکاری تنظیم کے نمائندوں کے شکریہ کے ساتھ ہوا ، جنہوں نے وزیر جاوید رانا کی حوصلہ افزائی اور طبی ٹیم اور رضاکاروں کی انتھک شراکت پر شکریہ ادا کیا ۔










