dooran

ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ نے ڈی ایل آر سی میٹنگ کی صدارت کی

اِلتوأمعاملات کو حل کرنے اور ادائیگیوں کو بہتر بنانے پر زور

بارہمولہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیر پا کی صدارت میں ڈاک بنگلہ میں سالانہ ڈِسٹرکٹ کریڈٹ پلان (ڈِی سی پی) 2024-25ء کے تحت کامیابیوں کا جائزہ لینے کے لئے ستمبر 2024 ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لئے ضلع سطح کی جائزہ کمیٹی(ڈی ایل آر سی) کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں زیر اِلتوأ معاملات کا جائزہ لیا گیا اور ادائیگیوں کو بڑھانے کے لئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے مختلف بینکوں میں پی ایم اِی جی پی، وشوکرما سکیم، مشن یوتھ پروگرام اور جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈِی پی) کے تحت زیر اِلتوا ٔ معاملات پر تشویش کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے بینکوں کو ہدایت دی کہ وہ ان معاملات کی کلیئرنس کو ترجیح دیں اور ضلع کی سماجی و اِقتصادی ترقی کو مستحکم کرنے کے لئے ان سکیموں کے تحت صدفیصد اہداف حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ لیڈ ڈِسٹرکٹ منیجر مشتاق احمد مرازی نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ضلع نے سالانہ ڈِی سی پی 2024-25ء کے تحت 2,257.46 کروڑ روپے کی تقسیم حاصل کی ہے جو 4,272.53 کروڑ روپے کے ہدف کا 53 فیصد ہے۔ اِس میں سے 3,567.27 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں ترجیحی شعبے کے تحت 1,284.79 کروڑ روپے اور غیر ترجیحی شعبے کے تحت 705.26 کروڑ روپے کے ہدف کے مقابلے میں 972.67 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔ 30 ؍ستمبر 2024 ء تک مختلف سکیموں کے تحت کل 75,782 مستفیدین نے اِمداد حاصل کی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے زیر اِلتوأ معاملات میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے چیف پلاننگ آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ بینک کی چھٹی کے دِن ایک خصوصی میٹنگ طلب کریں جس میں برانچ منیجروں اور متعلقہ مستفید اَفراد کو شامل کیا جائے۔ اِس اقدام کا مقصد معاملات کی پروسسنگ میں رُکاوٹوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں حل کرنا ہے تاکہ ادائیگیوں کو آسان اور تیز تر بنایا جا سکے۔ضلع تریقاتی کمشنر موصوف نے مالیاتی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے رسائی کے پروگرام اور بیداری مہم چلائیں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ مستفید کنندگان دستیاب سرکاری سکیموں کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ ہوں۔ اُنہوں نے ضلع کے ترقیاتی اہداف کے حصول اور مالی شمولیت کو بہتر بنانے کے لئے شراکت داروںکے مابین تعاون کی ضرورت کا اعادہ کیا۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ، ڈی ڈی ایم نبارڈ کے لیڈ ڈِسٹرکٹ منیجر، ریزرو بینک آف اِنڈیا کے نمائندے، مختلف بینکوں کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔